فروغ نسیم نے بیرونی دورے، بابر اعوان نے صوابدیدی اختیارات ختم کردیے

نمائندگان ایکسپریس  منگل 21 اگست 2018
نورالحق قادری نے حج انتظامات پر لمحہ بہ لمحہ رپورٹ، عامر کیانی نے وزارت صحت کی کارکردگی پر بریفنگ طلب کر لی۔ فوٹو: آئی این پی

نورالحق قادری نے حج انتظامات پر لمحہ بہ لمحہ رپورٹ، عامر کیانی نے وزارت صحت کی کارکردگی پر بریفنگ طلب کر لی۔ فوٹو: آئی این پی

اسلام آباد: وفاقی وزرا نے اپنے قلمدان سنبھال کر کام شروع کر دیا۔ وزیر قانون و انصاف سنیٹر فروغ نسیم نے وزارت کے تمام افسران و ملازمین کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کر دی۔

فروغ نسیم نے حلف اٹھانے کے بعد وزارت کا دورہ کیا جہاں وزارت کے حکام نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ ترجمان وزارت کے مطابق اس موقع پروزیر قانون نے کہاکہ وزارت کے امور میںسستی برداشت نہیں کی جائے گی،کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے تمام افسروں کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کردی اورہدایت کی کہ ملک بھر میں تعینات لاء افسروں کی تقرری کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے۔

مشیربرائے پارلیمانی اموربابراعوان نے ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد وزارت کے عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے 7سال بعدپھرخدمت کاموقع دیا، اب ایک بدلاہوا دور ہے،توقع ہے کہ میرے ساتھ جو ٹیم ہو گی وہ اس دورکے تقاضوں کے مطابق خودکو ڈھالے گی۔ انہوں نے وزارت میں اپنے صوابدیدی اختیارات ختم کرنے کااعلان کیا۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جلد جاری کردیاجائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔