حفیظ کو تیسرے نمبر پر کھلانے کا فیصلہ مستقل نہیں کوچ

دوبارہ اوپنر بھی بھیج سکتے ہیں، مصباح الحق کا بیٹنگ آرڈر تبدیل نہیں کریں گے


Sports Desk May 23, 2013
دوبارہ اوپنر بھی بھیج سکتے ہیں، مصباح الحق کا بیٹنگ آرڈر تبدیل نہیں کریں گے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستانی ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے کہا ہے کہ محمد حفیظ کو تیسرے نمبر پر کھلانے کا فیصلہ مستقل نہیں، فی الحال انھیں اس پوزیشن پر آزمایا ہے، بعد ازاں مناسب سمجھا تو دوبارہ اوپنر بھی بھیج سکتے ہیں۔

مصباح الحق کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، کپتان نئے جوش اور جذبہ کے ساتھ اپنے کردار سے انصاف کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی کوچ ڈیو واٹمور چیمپئنز ٹرافی کے لیے منتخب15 رکنی اسکواڈ سے مطمئن اور عمدہ نتائج کے لیے پُرامید ہیں، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ تجربے کی کچھ کمی ضرور ہے لیکن چند آزمودہ کھلاڑیوں کے امتزاج سے متوازن ٹیم تشکیل پا چکی، اگر ہم اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلے تو تجربے کی کمی کا جواز دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہونی چاہیے، کوچ نے کہا کہ انجرڈ عمر گل کی کمی محسوس ہوگی لیکن دستیاب پیسرز کی بھی کارکردگی میں تسلسل اور اعتماد میں خاصا اضافہ ہوچکاہے۔



محمد حفیظ کی بیٹنگ پوزیشن کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ نائب کپتان تیسرے نمبر پر کھیل رہے ہیں، چیمپئنز ٹرافی میں بھی یہی سلسلہ جاری رکھا جاسکتا ہے، البتہ کسی موقع پر بھی ضرورت محسوس ہوئی تو انھیں دوبارہ اوپنر کی ذمہ داری بھی سونپی جاسکتی ہے، کوچ نے مصباح الحق کی بطور قائد اور کھلاڑی کارکردگی کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھرپور فارم کے مظاہرے کے باوجود لوگ کبھی خوش نہیں ہوتے، کپتان نے نمبر 5 پر کھیلتے ہوئے رنز اسکور کیے، انھوں نے کہا کہ بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کا آپشن ہمیشہ موجود رہتا ہے مگر فی الحال زیادہ مستحکم انداز میں ٹیم کو نیا جوش جذبہ دینے والے مصباح الحق کے معاملے میں ایسا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں