شدید گرمی بد ترین لوڈ شیڈنگ مزید19افراد ہلاک کئی شہروں میں احتجاج

بوریوالہ میں مظاہرین کا ریلوے ٹریک پردھرنا، ٹرین پر پتھرائو، امتحانی مراکز میں متعدد طلبا بے ہوش، پانی کی قلت


Numaindgan Express May 25, 2013
بوریوالہ میں مظاہرین کا ریلوے ٹریک پردھرنا، ٹرین پر پتھرائو، امتحانی مراکز میں متعدد طلبا بے ہوش، پانی کی قلت،کاروبار زندگی مفلوج فوٹو: این این آئی

ملک بھرمیں شدیدگرمی کی لہربرقرار ہے جبکہ اس دوران 20سے 22گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ اورپانی کی بدترین قلت نے عوام کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے اور وہ سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔

بوریوالہ میں مظاہرین نے ٹرین کو روک کر پتھرائوکیا، پولیس نے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کر کے ٹرین کو روانہ کرایا تاہم مشتعل افراد نے شدید پتھرائو کرکے پولیس کو پسپا کر دیا اور اس دوران محافظ اسکواڈ کی دو موٹر سائیکلیں نذرآتش کر دیں، پتھرائو سے تھانیدار سمیت دو اہلکار شدید زخمی ہوئے جبکہ ریلوے ٹریک پردھرنا بدستور جاری تھا، دوسری جانب شدید گرمی کے دوران دم گھٹنے سے خواتین سمیت 19افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ طلبہ سمیت بیسیوں بیہوش ہوگئے۔ ادھر بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث شارٹ فال 9ہزار میگاواٹ سے بڑھ گیا ۔



جس سے بجلی 2 سے 4 گھنٹوں کی مہمان بن کر رہ گئی اور شہروں میں ہر گھنٹے بعد 4 گھنٹے بجلی بند رکھی جا رہی ہے۔ وزارت بجلی کے حکام نے خبردارکیا ہے کہ اگر پیداوار میں مزید کمی ہوئی تو ملک بھر میں کسی بھی وقت بریک ڈائون ہو جائے گا۔ اس صورتحال کے باعث نیشنل کنٹرول سسٹم نے بجلی کی فراہمی اور بندش کا مکمل کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔ دوسری جانب شدید گرمی میں بار بار طویل لوڈ شیڈنگ نے کاروبار زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا اور بیشتر علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات و جمعہ کی درمیانی شب 10 کے قریب گدو پاور پلانٹ کے یونٹ نمبر چار میں اچانک آگ لگ گئی جس کے باعث سسٹم میں فنی نقص پیدا ہوگیا اور پاور پلانٹ کے تمام بارہ یونٹ بند کر دیے گئے، طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث اکثر علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی، لوگ پانی کے لیے ترستے رہے جبکہ امتحانی سینٹروں اوراسکولوں میں متعدد طلبہ بیہوش ہوگئے، سرکاری دفاتر میں بھی حاضری کم رہی۔صوبائی دارالحکومت میں مختلف مقامات پراحتجاجی مظاہرے کیے گئے اورلوگوں نے ٹائرجلا کر سڑکیں بلاک کر دیں۔ ادھر بوریوالا میں 22گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف سیکڑوں افراد سڑکوں پرنکل آئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں