مصباح الحق نے قائد اعظم ٹرافی کے شیڈول پر سوال اٹھا دیا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 1 ستمبر 2018
انجریزکا بھی خدشہ ہے،ایشیاکپ میں گرین شرٹس مخالفین کیلیے خطرہ بنیں گے۔ فوٹو: فائل

انجریزکا بھی خدشہ ہے،ایشیاکپ میں گرین شرٹس مخالفین کیلیے خطرہ بنیں گے۔ فوٹو: فائل

 لاہور: مصباح الحق نے قائد اعظم ٹرافی کے شیڈول پر سوال اٹھادیا، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک سیزن قبل ازوقت شروع ہونے کا کارکردگی پر اثر پڑے گا۔

فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں سوئی ناردرن گیس کی نمائندگی کیلیے تیار مصباح الحق ٹیم کے پہلے میچ سے قبل پریکٹس کیلیے ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور آئے، اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میراکرکٹ کھیلنے کو دل چاہتا ہے اسی لیے میدان میں واپس آرہا ہوں،ارادہ تو یہی تھا کہ نہ کھیلوں مگر ٹیم کی ضرورت کے باعث واپس آیا ہوں۔

سابق کپتان نے کہا کہ سوئی گیس کے کئی کھلاڑی یواے ای میں ایشیا کپ اور دیگر قومی ذمہ داریوں میں مصروف ہوں گے۔ اس لیے ٹیم انتظامیہ کی درخواست پر واپس آیا ہوں۔

ایک سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ ڈومیسٹک سیزن قبل از وقت شروع ہونے کا کارکردگی پر اثر پڑے گا، سخت گرم موسم میں صرف ایک دن کا وقفہ ہونے کی وجہ سے آ غاز میں کھلاڑی مشکلات کا شکار رہیں گے، وقت سے پہلے میچز کا انعقاد کھلاڑیوں کی انجریز کا سبب بن سکتا ہے۔

مصباح نے کہا کہ محدود اوورز کی کرکٹ کیلیے پاکستانی ٹیم متوازن اورنئے لڑکوں کا فٹنس لیول بھی بہت اچھا ہے،قومی کرکٹ ٹیم میں کوئی کمی نہیں، ایشیا کپ میں کنڈیشنز بھی انجان نہیں ہوںگی، گرین شرٹس مخالفین کیلیے خطرہ بنیں گے۔

ایک سوال پر مصباح نے کہا کہ عمران خان کرکٹ کو بہت زیادہ سمجھتے ہیں،امید ہے کہ ان کی موجودگی میں پاکستانی کھیلوں کو فائدہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔