بجلی بحران حل کرنے کیلیے ہوم ورک کرلیاجعفراقبال

ن لیگ کی ترجیحات پہلے 100دن میں ہی پتاچل جائیں گی،اعجازچوہدری


Monitoring Desk May 28, 2013
بحران کی ذمے دارپی پی،ق لیگ اورایم کیوایم ہیں،حمداللہ،کل تک میں گفتگو فوٹو : فائل

MUMBAI: مسلم لیگ(ن) کے رہنماچوہدری جعفراقبال نے کہاہے کہ ان کی پارٹی نے بجلی کے بحران کوحل کرنے کے لیے ہوم ورک کرلیا۔

نوازشریف حلف اٹھاتے ہی اس پرکام کریں گے۔ بجلی کے بحران کے حل کے لیے مختصر، درمیانی اورطویل المدتی منصوبے بنارکھے ہیں۔ ایکسپریس نیوزکے پروگرام کل تک میں گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ شارٹ ٹرم میں فوری تیل کی فراہمی ہے جس کے لیے تیل پیداکرنے والے دوست ممالک سے رابطہ کیاگیا ہے۔ اس کے بعدکوئلے سے بجلی پیداکرنے کے منصوبے شروع کیے جائیں گے اورطویل المدتی منصوبوں میں ڈیم بنانا شامل ہے۔ نوازشریف وزارت عظمیٰ کاحلف اٹھانے کے بعد پہلے 100دن کا روڈمیپ دیں گے۔



تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہاکہ نوازشریف نے بجلی بحران حل ہونے کی تاریخ نہ دے کر قوم کو مایوس کیاہے۔ حکومت کے پہلے 100دن میں ہی پتا چل جائے گا کہ ان کی کیا ترجیحات ہیں اور ان کی گورننس کیسی ہوگی۔ جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہاکہ جب ان کی پارٹی حکومت میں تھی تو ان کے پاس پانی وبجلی کی وزارت نہیں تھی۔ بجلی فراہم کرنے کی ذمے دار پیپلزپارٹی، مسلم لیگ(ق) اورایم کیوایم تھیں۔ انھوں نے کہاکہ بجلی کے بحران کو حل کرنے کے لیے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہیے۔