پی ایچ ایف کو ایک اور جھٹکا؛ 4 ملکی ٹورنامنٹ کی میزبانی پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا

قومی جونیئر ٹیم کا اسلام آباد میں شیڈول کیمپ بھی منسوخ کر دیا گیا فوٹو: فائل

قومی جونیئر ٹیم کا اسلام آباد میں شیڈول کیمپ بھی منسوخ کر دیا گیا فوٹو: فائل

 لاہور: 4 ملکی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی میزبانی پر بھی سوالیہ نشان لگنے کی صورت میں مالی بحران میں گھری پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایک اور جھٹکا لگا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہاکی سیریز اوپن کے نام سے لاہور ہونے والے 6 ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں ترکی، عمان، بنگلادیش، قازقستان، افغانستان اور پاکستان کو حصہ لینا تھا، ٹورنامنٹ 26 ستمبر سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہونا تھا تاہم ترکی اور اومان  کے انکار کے بعد اسے چار ملکی ٹورنامنٹ تک محدود کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اب قازقستان اور بنگلادیش نے بھی شرکت سے معذرت کرلی ہے جس کے بعد قومی جونیئر ٹیم کا اسلام آباد میں شیڈول کیمپ بھی منسوخ کر دیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے مذکورہ ٹیموں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے ایشین ہاکی فیڈریشن کو باقاعدہ خط بھی لکھا جا چکا ہے۔

ایشین ہاکی فیڈریشن کے قوانین کے مطابق آئی ایچ ایف کسی ملک کی فیڈریشن کے فیصلے میں ہاکی مداخلت سے گریز کرے گی۔ اس وجہ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خط کو اہمیت نہ ملنے کے امکانات بھی ہیں جس کی وجہ سے شائد پاکستان ہاکی فیڈریشن اس ایونٹ کو بھی منعقد نہ کرا سکے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پے در پے ایونٹس کے انعقاد اور بعد میں ان کے التواء کے معاملات سے پاکستان ہاکی کی مقبولیت کا گراف بتدریج کم ہوتا جارہا ہے، جس سے شائقین ہاکی کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔