نان فائلرز پر پابندی نئی گاڑیوں کی فروخت میں کمی

20فیصدکمی سے اگست میں17ہزار662یونٹ فروخت،گزشتہ اگست میں22ہزار94بکے تھے


Business Reporter September 13, 2018
20فیصدکمی سے اگست میں17ہزار662یونٹ فروخت،گزشتہ اگست میں22ہزار94بکے تھے۔ فوٹو : فائل

پاکستان میں مقامی سطح پر تیار کردہ گاڑیوں کی فروخت اگست 2018کے دوران 20فیصد تک کم ہوگئی۔


انڈسٹری اعدادوشمار کے مطابق اگست 2018 میں 17ہزار 662گاڑیاں فروخت کی گئیں جو اگست 2017 میں فروخت کردہ 22 ہزار 94یونٹس کے مقابلے میں 20 فیصد کم ہے۔ اگست کی فروخت ملاکر رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران گاڑیوں کی فروخت 39 ہزار یونٹس رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں فروخت کردہ 41 ہزار 671 یونٹس کی فروخت سے 6 فیصد کم ہے۔

اس بارے میں ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2015کے بعد پہلی مرتبہ مالی سال کے پہلے دو ماہ کی فروخت میں کمی دیکھی جارہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گاڑیوں کی نان فائلرز کو فروخت پر پابندی کی شرط کے اثرات گاڑیوں کی فروخت پر اثر انداز ہورہے ہیں ساتھ ہی عید الالضحی کی تعطیلات سمیت ملک میں معاشی عدم استحکام بھی اگست کے مہینے کی فروخت میں کمی کی وجوہات ہیں۔گاڑیوں کی فروخت میں کمی کی ایک وجہ کار بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں مسلسل اضافے کو بھی قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شرح سود میں کمی کی وجہ سے آٹو فنانسنگ کے قرضوں کی لاگت بڑھنے روپے کی قدر میں کمی سمیت گاڑیوں کی قیمت میں مزید اضافہ سے گاڑیوں کی فروخت پر دباؤ برقرار رہے گا۔

مقبول خبریں