بین الاقوامی ہیلتھ ایشیا اور فارما ایشیا نمائش میں 25 کروڑ ڈالر کے تجارتی معاہدے

نمائش میں چین، ایران، امریکا، بھارت، ترکی سمیت 25 ممالک کے 550 وفود نے شرکت کی۔


Business Reporter September 14, 2018
نمائش میں چین، ایران، امریکا، بھارت، ترکی سمیت 25 ممالک کے 550 وفود نے شرکت کی۔ فوٹو: فائل

پندرہویں تین روزہ بین الاقوامی ہیلتھ ایشیا وفارما ایشیا نمائش میں مجموعی طور پر 25 کروڑڈالر مالیت کے باہمی تجارت کے معاہدے طے پاگئے ہیں۔

پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ای کامرس گیٹ وے کے اشتراک سے منعقد کی جانے والی 15 ویں تین روزہ بین الاقوامی ہیلتھ اور فارما ایشا نمائش میں طب کے شعبے سے تعلق رکھنے والے 60 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔

ای کامرس گیٹ وے کے صدر ڈاکٹر خورشید نظام نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ملک بھر سے طبی شعبے کے افراد رواں سال زیادہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے صحت پر خصوصی توجہ کی پالیسی سے بیرونی دنیا کو مثبت پیغام ملا ہے۔

ڈاکٹر خورشید نظام نے کہا کہ اس سال غیر ملکی وفود کی تعداد بھی 30 فیصد زیادہ تھی اور آخری لمحات میں بھی غیر ملکی وفود کمپنیوں نے رجسٹریشن کرائی۔

پاکستان فارما سیوٹیکل ایسوسی ایشن کے چیئرمین شاہ زیب اکرم نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ ادویہ کی مقامی کمپنیاں ملک کو 3 ارب ڈالر سے دگنا حصہ دے سکتی ہیں، اس صنعت کی کاروباری لاگت اور بنیادی مسائل حل کرنے سے فارما شعبہ دیگر صنعتوں سے زیادہ روزگار اور ملکی محصولات میں اضافے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

مقبول خبریں