ایس بی سی اے کے اسکواڈ پر بلڈر مافیا کے کارندوں کا حملہ

غیرقانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی پر پلاٹ مالک نے عملے پرناجائز دبائو ڈالا.


Staff Reporter June 01, 2013
پولیس نے حملے کو ناکام بنایا، دیگر علاقوں میں کارروائی جمعے کو بھی جاری رہی۔ فوٹو: گوگل/فائل

گلبرگ میں غیر قانونی بلڈنگ کیخلاف انہدامی کارروائی پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈیمالیشن اسکواڈ پر بلڈر مافیاکے کارندوں نے حملہ کردیا، اس دوران پولیس کی مدد سے غیرقانونی تعمیرات کو منہدم کیا گیا جبکہ دیگر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف انہدامی کارروائی کا سلسلہ جمعے کو بھی جاری رہا۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ منظور قادر کی ہدایات پر گلبرگ ٹائون میں فیڈرل بی ایریا کے رہائشی پلاٹ نمبر R-689اور R-690 بلاک19میں گرائونڈ فلور مع4 منزلہ فلیٹس؍یونٹس طرز کی غیرقانونی بلڈنگ کے خلاف انہدامی کارروائی کیلیے ڈیمالیشن ٹیم پہنچی تو پلاٹ کے مالک نے خود کو بار کونسل کا ممبر ظاہر کرکے سرکاری عملے پر قانونی کارروائی نہ کرنے کیلیے ناجائز دبائو ڈالا، ڈیمالیشن ٹیم نے دبائو اور دھمکی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سرکاری کام انجام دینے کی کوشش کی جس پر بلڈر مافیا کے کارندوں نے امن وامان کی خرابی کا مسئلہ پیدا کرتے ہوئے ڈائریکٹر آف بلڈنگ گلبرگ ٹائون اور عملے کے دیگر اہلکاروں پر حملہ کر کے انھیں ذدوکوب کیا، اس دوران وہاں موجو د سمن آباد پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او اور اہلکاروںنے ان کی اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے حالات پر قابو پالیا۔



بعد ازاں ڈیمالیشن ٹیم نے گیس کٹرکی مدد سے تیسری اور چوتھی منزل کی آرسی سی تعمیرات کو منہدم کردیا، ایس بی سی اے نے آئی جی سندھ اور سی سی پی اوکراچی سے پلاٹ کے مالک اور کارندوں کے خلاف واقعے کی ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی ہے، علاوہ ازیں ڈیمالیشن ٹیم نے لیاقت آباد ٹائون کے علاقے ناظم آباد میں پلا ٹ نمبر 6/4بلاک 2-F کی تیسری منزل کو منہدم کردیا جبکہ پلاٹ نمبر 5/2 بلاک 2-C اورنارتھ ناظم آبادٹائون میں پلاٹ نمبر5/6 بلاک 5-D کی تیسری منزل کو منہدم کردیا گیا، مزید انہدامی کارروائی کاسلسلہ ابھی جاری ہے، نارتھ ناظم آبادٹائون ہی میں پلاٹ نمبر A-335 بلاک آئی کی غیرقانونی تیسری منزلوں کو بھی منہدم کر دیا گیا۔

دریں اثنا عدالت عالیہ کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے صدر ٹائون میں پلاٹ نمبر 30-RS-4 رام سوامی پر چوتھی، پانچویں اور چھٹی منزل کی پارٹیشن دیواروں اور پلاٹ نمبرFL-6بلاک 7کلفٹن اسکیم 5 کے گرائوند فلور کی لازمی کھلی جگہ پر غیرقانونی کمروں کی تعمیرات کو منہدم کردیاگیا، مزید براں لازمی کھلی جگہ پر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی میں ڈیمالیشن ٹیم نے گلشن اقبال ٹائون پلاٹ نمبرB-61 بلاک 14اسکیم 36 کے گرائونڈ فلور پر زینے کی تعمیرات اور شاہ فیصل ٹائون میں پلاٹ نمبرC-128 شمسی سی ایچ ایس کے گرائونڈ فلور پر عقبی جانب آر سی سی چھت کو منہدم کردیا، مذکورہ بالا انہدامی کارروائی علاقے کے ڈپٹی واسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ڈیمالیشن آفیسرز کی زیرنگرانی عمل میں لائی گئی جبکہ اس دوران امن وامان کی صورتحال کوقابومیں رکھنے کیلیے ایس بی سی اے پولیس فورس بھی ان کے ہمراہ وہاں موجود تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں