کراچی کے لیے نیا ماسٹر پلان بنانے کا خوش آئند اعلان

وزیراعظم نے کہا ہے کہ دو ماہ کے اندر کراچی میں کچرا اٹھانے کا نظام بہتر نہ ہواتو صوبائی حکومت کی مددکا پلان بنائیں گے۔


Editorial September 18, 2018
وزیراعظم نے کہا ہے کہ دو ماہ کے اندر کراچی میں کچرا اٹھانے کا نظام بہتر نہ ہواتو صوبائی حکومت کی مددکا پلان بنائیں گے۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورۂ کراچی کے بعد یوں لگتا ہے جیسے شہریوں کے درد کا درماں ہونے کو ہے۔ وزیراعظم نے اس دورے میں نہ صرف خوش کن باتیں کیں بلکہ شہر کے لیے نیا ماسٹر پلان بنانے کا بھی اعلان کیا ہے جسے خوش آیند قرار دیا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا امن اولین ترجیح ہے، شہر قائد بہت پیچھے رہ گیا ہے اسے ترقی یافتہ بنانا ہے۔

کراچی کو آج جس دگرگوں صورتحال کا سامنا ہے اس پر دیگر اقوام بھی حیران ہیں کہ کوئی بھی ریاست اپنے سب سے بڑے شہر، جس پر پورے ملک کی معیشت کا دارومدار ہو، سے کس طرح آنکھیں پھیر سکتی ہے، لیکن حقیقت تو یہی ہے کہ گزشتہ حکومتوں اور اس شہر کے اسٹیک ہولڈرز نے نہ صرف مسائل کے حل سے پہلوتہی برتی بلکہ بدانتظامی اور نااہلی کے باعث مسائل اس قدر گنجلک ہوتے چلے گئے کہ آج ان کا فوری حل جوئے شیر لانے کے مترادف دکھائی دیتا ہے، وزیراعظم نے شہریوں کے زخموں پر مرہم رکھتے ہوئے شہر کو درپیش تقریباً تمام ہی مسائل کا احاطہ اپنی تقریر میں کیا ہے۔

سچ تو یہی ہے کہ شہر کا نظام بالکل ابتر ہوچکا ہے، امن و امان کی صورتحال، ٹرانسپورٹ کی بدحالی اور میونسپلٹی تک کے مسائل عفریت کی طرح شہریوں کو ڈرا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کے فور اور گرین لائن بس منصوبہ فوری مکمل کرنے کی ہدایت، جب کہ ٹرانسپورٹ کے لیے کراچی سرکلر ریلوے پر بھی کام کرنے کا عندیہ دیا۔وزیراعظم کا یہ کہنا بالکل صائب اور بروقت ہے کہ کراچی کنکریٹ کا جنگل بن گیا ہے، یہاں درجہ حرارت بڑھتا جائے گا، ہم گرین کراچی پروگرام بھی شروع کریں گے۔

اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ ویسٹ ڈسپوزل کراچی کا بڑا مسئلہ ہے، ایک تحقیق کے مطابق کراچی میں روزانہ 12 ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جس میں سے صرف 8 ہزار ٹن کچرا ٹھکانے لگایا جاتا ہے جب کہ 4 ہزار ٹن سڑکوں پر پڑا رہتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ دو ماہ کے اندر کراچی میں کچرا اٹھانے کا نظام بہتر نہ ہوا تو صوبائی حکومت کی مدد کا پلان بنائیں گے۔ کراچی کے شہری پرامید ہیں کہ جس طرح وزیراعظم پاکستان ایک کے بعد ایک مسئلے پر صائب کارروائی اور اعلانات کررہے ہیں ویسے ہی جلد ان فیصلوں پر عملدرآمد کرکے تعبیر کی راہ دکھائی جائے گی۔