وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم سست روی کا شکار

این بی پی 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے دینے کی صلاحیت رکھتا ہے،طارق جمالی


Business Reporter September 18, 2018
این بی پی 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے دینے کی صلاحیت رکھتا ہے،طارق جمالی۔ فوٹو: فائل

نیشنل بینک آف پاکستان میں سابقہ حکومت کی شروع کی گئی وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم جاری ہے مگر سست روی کا شکار ہے۔

نیشنل بینک کے صدر طارق جمالی نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ تاحال نئی حکومت کی جانب سے نیشنل بینک کو کوئی پالیسی گائیڈ لائن جاری نہیں کی گئی ۔ حکومت نے50 لاکھ سستے گھروں کی اسکیم متعارف کرانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے اور نیشنل بینک ان گھروں کی تعمیر کے لیے قرض فراہمی کی صلاحیت رکھتا ہے کیونکہ بینک کی سائبان اسکیم جاری ہے اور گھروں کے لیے قرضوں کے اجراکا مکمل انفرااسٹرکچر موجودہے جسکی وجہ سے بینک انتظامیہ اس ضمن میں تیار ہے۔

طارق جمالی نے کہا کہ نیشنل بینک کو جدید خطوط پر استوار کرنا اولین ترجیح ہے۔ آئندہ 2سال میں بینک نے خدمات، آئی ٹی اخراجات میں بچت اور ڈوبے ہوئے قرضوں کی وصولی ترجیحات میں شامل کی ہیں۔ بینک مالیاتی خدمات کی پسماندہ طبقوں تک توسیع میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ بینک آئی ٹی میں سرمایہ کاری کرکے ڈیجیٹل بینکاری کی جانب گامزن ہے۔ نیشنل بینک ٹیکسٹائل شو پاور اور زراعت کے شعبوں میں بھاری قرضے جاری کررہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے نیشنل بینک کوسال2018 کابہترین تجارتی بینک قراردیا ہے۔ اے ڈی بی کا یہ ایوارڈ نیشنل بینک کی جانب سے جاری کردہ ایل سیزاور ریکارڈ ٹرانزیکشنز پر دیا گیا ہے۔

مقبول خبریں