مہناز نے40 سال میوزک انڈسٹری پر راج کیا

1958کوکراچی میں پیداہوئیں،چھوٹی عمرمیںہی’’غزل،ٹھمری کی تربیت حاصل کی


Cultural Reporter June 03, 2013
بیرون ممالک منعقد کیے جانے والے میوزک پروگراموں میں بھی مہناز نے پاک وطن کی نمائندگی کی. فوٹو: فائل

پاکستان میوزک انڈسٹری پراپنی مدھراور سریلی آواز سے گزشتہ چار دہائیوں سے راج کرنے والی ایک آواز مہناز کی بھی تھی جنہوں نے ''مجھے دل سے نہ بھلانا''، ''میرا پیار تیرے جیون کے سنگ رہے گا''، ''مجھے دل سے لگالو''، ''دوپیا سے دل'' ''جنگل میں منگل ''اور''بھیگے بھیگے موسم '' جیسے سیکڑوں صدا بہار گیت گائے اور آج بھی مقبول عام ہیں۔

وہ 1958کوکراچی میں پیدا ہوئیں۔ ان کی والدہ کنچن بائی تھیں جوبہت معروف مرثیہ خواں اورگلوکارہ تھیں۔ مہناز کو بچپن سے ہی گلوکاری سے بہت لگاؤ تھا اسی لیے انھوں نے چھوٹی عمرمیںہی ''غزل، ٹھمری، دادرا، درپد اور خیال '' گائیکی کی تربیت حاصل کرنا شروع کردی تھی۔ انھوں نے 1972ء میں عملی طورپرفن موسیقی میں قدم رکھا ۔ اپنی ریاضت اورمحنت کے بل پر انھوں نے معروف موسیقارنثاربزمی، روبن گھوش، ایم اشرف، وجاہت عطرے، طافوخاں، محسن رضا سمیت تمام نامور موسیقاروں کے ساتھ کام کیا اوران موسیقاروں کی مختلف راگوں میںبنی دھنوںکوجب اپنی آواز دی تووہ ہمیشہ کے لیے صدابہاربن گئیں۔ بیرون ممالک منعقد کیے جانے والے میوزک پروگراموں میں بھی مہناز نے پاک وطن کی نمائندگی کی اوراپنی عمدہ پرفارمنس سے ملک کا نام دیار غیر میں بھی روشن کیا۔



اس موقع پر انھیں بہت سے اعزازات سے نوازا گیا ۔ اداکارہ شبنم، زیبا، شمیم آراء، نشو، بابرہ شریف ، سنگیتا سمیت دیگرپرمہناز کے گائے بہت سے گیت فلمبند کیے گئے۔ اردو اورپنجابی زبان کے ساتھ ساتھ مہنازنے دوسری زبانوں میںبھی گیت گائے۔ فلم انڈسٹری میں جب پنجابی فلموں کا دور شروع ہوگیا تو مہناز نے کراچی شفٹ ہوگئیں تھیں ۔پی ٹی وی کے لیے پیش کیے جانے والے موسیقی کے پروگراموں میں مہناز کی شاندار پرفارمنس ناظرین کوآج بھی یاد کرتے ہیں۔

مہناز نے اپنے فنی کیرئیر کے دوران شہنشاہ غزل مہدی حسن ، اے نیئر، احمد رشدی، اخلاق احمد، محمد علی شیکی، عالمگیر، مسعود رانا، سجاد علی اورغلام عباس سمیت دیگرکے ساتھ بہت سے فلمی گیت ریکارڈ کروائے جولوگوں کی زباں پرآج بھی ہیں۔ مہنازنے ملکہ ترنم نورجہاں، اقبال بانو، فریدہ خانم جیسی معروف گلوکاراؤں کے دور میں اپنی منفرد آواز اورانداز سے پہچان بنائی۔ مہناز نے فلم اور ٹی وی کے علاوہ ملی نغمے اور بزرگان دین کے کلاموں پر مشتمل البم بھی بہت مقبول ہوئے۔ گلوکارہ مہنازکو بہترین گائیکی پر حکومت پاکستان کی جانب صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ یہ خوبصورت آواز 19جنوری 2013ء میں خاموش ہوگئی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں