پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا اولمپک باکسنگ لیگ کرانے کا فیصلہ

محمد یوسف انجم  جمعرات 20 ستمبر 2018
لیگ میں غیرملکی باکسرز بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے، سیکرٹری پی بی ایف فوٹو: فائل

لیگ میں غیرملکی باکسرز بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے، سیکرٹری پی بی ایف فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے ملک میں اولمپک باکسنگ لیگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں غیر ملکی باکسرز بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

اولمپک باکسنگ لیگ میں چیمپئن باکسر محمد وسیم کی اولمپکس میں شرکت اسی وقت ممکن ہوسکتی ہے جب وہ دستیابی سے فیڈریشن کو آگاہ کریں گے۔ پاکستان کی نمائندگی کے لیے 6 ماہ پروفیشنل باکسنگ سے دور اور آئبا کی اجازت درکار ہے۔ اولمپکس کے لیے وسیم کو کوالیفائنگ راونڈ کھلینا پڑے گا، ڈآئریکٹ کوالی فکیشن نہیں ہوگی ۔ابھی تک وسیم نے اپنی رضامندی ظاہر نہیں کی۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری محمد ناصر اعجاز ٹنگ نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان کی باکسنگ لیگ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ ملکی باکسرز کی درجہ بندی اور ٹیموں کے ڈرافٹنگ مرحلے میں آسانی کے لیے دسمبر میں نیشنل رینکنگ باکسنگ ٹورنامنٹ کرارہے ہیں، جس سے کھلاڑیوں کی درجہ بندی کا تعین کرنے میں مدد ملے گی اور ٹیموں کے مالکان کو بھی باکسرز کے انتخاب میں مشکل پیش نہیں آئے گی۔

ناصر اعجاز ٹنگ نے کہا کہ اس لیگ کے ذریعے ملکی باکسرز کو غیر ملکی باکسرز سے فائٹ اور سیکھنے کا موقع ملے گا۔ ملکی باکسرز کو ٹریننگ کے تمام مواقع اور سہولیات فراہم کریں گے، جن سے وہ دوسال بعد ہونے والے اولمپکس میں کوالیفائی کرسکیں۔ ہمارے پاس کوالیفائیڈ کوچز موجود ہیں لیکن پاکستان میں ہم جتنی محنت کرالیں لیکن اس وقت تک نئی چیزیں سیکھنے اور خود میں بہتری نہیں لاسکتے جب تک قومی باکسرز باہر جاکر ٹریننگ نہیں کریں گے۔ صرف غیر ملکی کوچز کی آمد سے یہ خواب پورا نہیں ہوگا۔اصل ضرورت باکسنگ کے لیے خصوصی گرانٹ مختص کرنے کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔