ایس تھری منصوبہ ڈائریکٹرنے متنازع ایویلیشن رپورٹ پردستخط کردیے

رپورٹ پردستخط سے انکارکرنے پرسابق ڈائریکٹرایوب شیخ کا تبادلہ کردیاگیا تھا.


Staff Reporter June 04, 2013
نیب نے کوئی کارروائی نہیں کی ،وفاقی حکومت مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دے ،افسران فوٹو: فائل

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایس تھری کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ایوب شیخ کے تبادلے کے فوری بعد چارج سنبھالنے والے نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے حالیہ چار ٹینڈروںکی ایویلیشن رپورٹ پر دستخط کردیے۔

اس رپورٹ پر دستخط کرنے سے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ایوب شیخ نے نہ صرف انکار کردیا تھا بلکہ اپنے شدید تحفظات کا بھی اظہار کیا تھا ،ایس تھری پروجیکٹ کے یہ چاروں ٹینڈر جو کہ گزشتہ کئی سالوں سے التوا کا شکار تھے، انھی چار منصوبوں کے ٹینڈر نگراں حکومت میں کیے گئے تھے، یہ ٹینڈر 28مارچ کو کھلے تھے گزشتہ دو ماہ سے ان منصوبوں پرکوئی پیش رفت نہیں ہورہی تھی جس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ ایس تھری کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ایوب شیخ نے اعلیٰ سطح سے دباؤ کے باوجود قوائدکو نظراندازکرتے ہوئے تیارکی جانے والی ایویلیشن رپورٹ پر دستخط کرنے سے انکارکردیا تھا اور اس سلسلے میں کوئی دباؤ قبول کرنے سے انکارکرتے ہوئے ایوب شیخ نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ ایس تھری کراچی کے مستقبل کے حوالے سے انتہائی اہم نوعیت کا منصوبہ ہے۔



لہٰذا اس منصوبے پرکوئی خلاف ضابطہ کام نہیں ہونے دیںگے کیونکہ ایسا ہونے کی صورت میں منصوبے کی ناکامی یا پھر کسی بے قاعدگی کا خمیازہ کراچی کے دو کروڑ عوام کو بھگتنا پڑے گا ، ذرائع نے بتایا کہ جب ایوب شیخ کسی دباؤ میں نہیں آئے تو ان کا تبادلہ کردیا گیا اور ان کی جگہ عمران آصف کی بحیثیت پروجیکٹ ڈائریکٹر تعیناتی کردی گئی، عمران آصف نے چارج سنبھالنے کے بعد جو سب سے پہلا کام کیا وہ اس ایویلیشن رپورٹ پر بحیثیت پروجیکٹ ڈائریکٹردستخط کردیے جو کہ واٹربورڈ کے ارباب اختیارکی اولین منشاء تھی،واٹربورڈ کے سینئر افسران نے نیب سے مطالبہ کیا کہ اس منصوبے میں ایک خطیر حصہ وفاقی حکومت ملارہی ہے لہذا نئی حکومت اس معاملے کی نیب کے ذریعے تحقیقات کرائے تو ہوشربا انکشافات ہوں گے۔

افسران نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت اپنی ایک مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دے جو کہ اس منصوبے تیکنیکی اورعملی مانیٹرنگ کرے تاکہ کراچی کے حوالے سے یہ انتہائی اہم نوعیت کا معاملہ کرپٹ افسران کی بھینٹ نہ چڑھ جائے،افسران نے وفاقی حکومت یہ بھی مطالبہ کیا کہ ماضی میںکئی دفعہ اس حوالے سے نیب کو درخواستیں دی گئیں مگر اس وقت کسی نے اس طرف توجہ نہ دی اب موجودہ نئی وفاقی حکومت اگر واٹربورڈ کے حوالے سے نیب کو خصوصی ٹاسک دے تو یہ کراچی کے شہریوں پر وفاقی حکومت کا ایک احسان ہوگا ، ادھر یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ایس تھری کے نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر عمران آصف کے پاس پہلے سے ہی دو چارج پی ڈی آراو پلانٹس اور چیف انجینئر ملیر کے عہدے ہیں ان کو تیسرا عہدہ صرف اس رضامندی کے باعث دیا گیا کہ وہ اس ایویلیشن رپورٹ پرکوئی تحفظات ظاہرکیے بغیر دستخط کردیں گے اور عمران آصف نے بھی اپنا وعدہ بخوبی نبھادیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں