بہترمعیشت کیلیے اسلامی طرزِ تجارت اختیار کیا جائے عتیق میر

خریدارکی حق تلفی ناقابلِ معافی گناہ ہے،تلافی ممکن نہیں،حاجی حنیف طیب.


Business Reporter June 04, 2013
عازمین کی تربیت کی جائے،حج و عمرہ ٹورآپریٹرکے دفترکے افتتاح کے موقع پرخطاب فوٹو: فائل

لاہور: آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کے فرسودہ اور تباہ حال نظامِ معیشت کی تبدیلی اورکاروباری مشکلات کے خاتمے کیلیے اسلامی طرزِ تجارت اختیار کریں۔
سودی نظامِ کی بھرپور مخالفت اور اس گناہِ کبیرہ کو اپنی زندگی سے مکمل طور پر خارج کردیں، پیارے رسول ؐ کے متعارف کردہ تجارت کے زریں اصول اپنا کر اپنی زندگی کو مصائب و مشکلات اور ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ممکن ہے، نبی کریمؐ نے کاروباری لین دین کے نادر نمونے پیش کیے اورزندگی کے اعلیٰ ترین اور مثالی معاملات سے صادق اورامین کا لقب پایا ، انھوں نے کہا کہ بددیانت اور بدعنوان حکمرانوں کے بار بار مسلط ہونے اور بڑھتے ہوئے قومی مسا ئل کا سبب قوم کے اجتماعی اعمال کی خرابی ہے۔



یہ بات انھوں نے حج و عمرہ ٹور آپریٹرکے دفترکا افتتاح کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ حاجی محمد حنیف طیب، الحرا گروپ کے چیئرمین منور احمد اور محمد الیاس نے بھی خطاب کیا ،عتیق میر نے حج و عمرہ آپریٹرز کو مشورہ دیا کہ عبادات کے ان عظیم فریضوں کی روح تک پہنچنے کیلیے سفر پر روانگی سے قبل عازمینِ حج و عمرہ کی لازمی تربیت کا اہتمام کریں،انھوں نے کہا کہ حج و عمرہ اللہ تعالیٰ سے کیا جانے والا ایک ایسا وعدہ اور معاہدہ ہے جو دربارِ حرم میں حاضر ہوکر کیا جاتا ہے، تربیتی نشست میں عازمین اور زائرین کو لازمی طور پر بتایا جائے کہ وہ وعدہ اور معاہدہ کیا ہے؟

تاجروں کو علم ہونا چاہیے کہ خریدار کی حق تلفی ناقابلِ معافی گناہ ہے جس کی تلافی بڑی سے بڑی عبادت سے بھی ممکن نہیں ہے ،منور احمد نے کہا کہ تاجر برادری کو زیادہ سے زیادہ حج و عمرے کی ادائیگی کی سہولتوں کی فراہمی کے لیے شہر کی مختلف مارکیٹوں میں ادارے کے ذیلی دفاتر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں