ٹیم سے باہر کرنے پر کامران اکمل کے بعد سلمان بٹ بھی پھٹ پڑے

محمد یوسف انجم  اتوار 23 ستمبر 2018
اچھی کارکردگی کے باوجود مجھے سلکیٹ نہیں کیا جارہا، کرکٹر فوٹو:فائل

اچھی کارکردگی کے باوجود مجھے سلکیٹ نہیں کیا جارہا، کرکٹر فوٹو:فائل

 لاہور: کامران اکمل کے بعد سابق کپتان سلمان بٹ بھی اپنے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تلملا اٹھے۔

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے واپڈا ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی کے باوجود مجھے سلکیٹ کیوں نہیں کیا جارہا، ری ہیب سمیت وہ تمام کام کرلیے ہیں جن کا مطالبہ کیا گیا تھا، آئی سی سی کا کلیئرنس لیٹر بھی میرے پاس ہے۔

سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ پہلے مجھ سے کہا گیا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھلائیں گے، پھر  شرجیل خان وغیرہ کا مسئلہ سامنے آیا تو کہا گیا کہ ابھی تھوڑا مزید انتظار کرلیں۔ اب میڈیا کے سوالات پر جواب دیا گیا کہ سلمان کو پہلے اے ٹیم کی طرف سے موقع دیں گے۔ اے ٹیم کے دو ٹورز سر پر  آگئے ہیں لیکن  ابھی تک مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ۔ اگر عامر اس واقعے کے بعد ملک کی نمائندگی کررہا ہے تو پھر مجھے باہر کیوں رکھا جارہا ہے۔

سلمان بٹ نے کہا کہ اچھی پرفارمنس نہ دوں تو نہ کھلائیں، جب ہر میچ میں رنز کررہا ہوں تو پھر سلیکشن کیوں نہیں ہورہی، سابق سربراہ نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد بھی بیان دے چکے ہیں کہ سلیکشن کمیٹی اگر چاہے تو سلمان کو منتخب کرسکتی ہے، سب کی طرف سے کلیئرنس ہے تو پھر نظر انداز کیوں کیا جارہا ہے، بورڈ سربراہ احسان مانی سے اپیل ہے کہ وہ میرے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی کا نوٹس لیں، مجھے انصاف دلائیں جو میرا حق ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔