ایوان صدر نئی منتخب حکومتوں سے بھرپور تعاون کرے گا صدر زرداری

کراچی میں قیام امن کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں ،جرائم پیشہ عنا صر کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ہدایت


Staff Reporter June 04, 2013
حکومت سندھ نئے مالی سال کے بجٹ میں عوامی مسائل حل کرنے کیلیے زیادہ سے زیادہ منصوبے شامل کرے ، قائم علی شاہ سے گفتگو فوٹو: فائل

صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں اقتدار کی منتقلی کا عمل آئین کے مطابق خوش اسلوبی سے مکمل ہورہا ہے۔

ایوان صدر نئی وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتوں کے ساتھ آئین کے مطابق بھرپورتعاون کرے گا ۔ وہ پیر کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہائوس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صدر مملکت کو صوبے میں امن و امان، حکومت سازی، بجٹ کی تیاری اور دیگر امور سے آگاہ کیا ۔ صدر نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے اور عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا ۔



صدر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور جرائم پیشہ عناصر سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے۔ صدر نے کہا کہ حکومت سندھ نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے زیادہ سے زیادہ منصوبوں کو شامل کرے ۔ صدر نے مزید ہدایت کی کہ سندھ میں وبائی امراض پر قابو پانے کے لیے بھی جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں۔صدر نے کہا کہ مون سون سے قبل سندھ حکومت تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرلے تاکہ سندھ میں شدید بارشوں اور سیلاب کی صورت میں نقصانات سے بچا جا سکے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں