ایشین پاورلفٹنگ چیمپئن شپ؛ پاکستانی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

محمد یوسف انجم  منگل 25 ستمبر 2018
قومی ویمنز  پاورویٹ لفٹرز نے3  گولڈ 4 سلور اور 2 برانز میڈلز اپنے نام کیے، فوٹو محمد یوسف انجم

قومی ویمنز پاورویٹ لفٹرز نے3 گولڈ 4 سلور اور 2 برانز میڈلز اپنے نام کیے، فوٹو محمد یوسف انجم

لاہور: دبئی میں ایشین بینچ پریس پاورلفٹنگ چیمپئن شپ میں دس میڈلز جیتنے والی پاکستانی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔

ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ چار بہنوں نے ایک ساتھ  کسی اسپورٹس ایونٹ میں شرکت کی اور چاروں نے میڈلز لیے ہیں۔ ایشین چیمپئن شپ میں 9 میڈلز خواتین  نے حاصل کیے جب کہ مینز کیٹیگری میں پاکستان کو صرف ایک سلور میڈل حاصل ہوسکا۔

قومی ویمنز  پاورویٹ لفٹرز نے3  گولڈ 4 سلور اور 2 برانز میڈلز اپنے نام کیے، مجموعی نتائج کے مطابق پاکستان نے سینئرز  ایونٹ  میں رنراپ ٹرافی وصول کی۔ جونیئرزکیٹیگری میں تیسری پوزیشن پاکستان کو ملی۔

ان چار روزہ مقابلوں میں وریرونیکا سہیل نے گولڈ، سیبل سہیل نے برانز، رابعہ شہزاد نے سلور میڈل اپنے گلے میں ڈالا۔ سنیہا غفور نے بھی چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ ٹوئنکل سہیل نے گولڈمیڈل لے کر اپنی برتری ثابت کی۔ نادیہ مقصود نے سلور میڈل، مریم نے برانز، رابعہ رزاق نے سلور میڈل لے کر پاکستانی میڈلز کی تعداد کو بڑھایا۔ نزہت جبین نے ماسٹرز ٹو کیٹیگری میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلایا۔

مردوں کے ایونٹ میں راشد ملک نے سلور میڈل جیتا، جہانزیب اقبال نے پانچویں، جاوید اقبال نے چوتھی پوزیشن پائی۔ ندیم ہاشمی بھی نمایاں کارکردگی نہ دکھاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔