کرویامرو کی حکمت عملی  کے ساتھ ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کی تیاریوں کا آغاز

میاں اصغر سلیمی  بدھ 26 ستمبر 2018
ایشیائی ایونٹ 18 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک اومان کے دارالحکومت مسقط کے سلطان قابوس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا فوٹو:فائل

ایشیائی ایونٹ 18 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک اومان کے دارالحکومت مسقط کے سلطان قابوس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا فوٹو:فائل

لاہور: کرو یا مرو کی حکمت عملی  کے ساتھ ایشیئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی  کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز لاہور میں کر دیا گیا۔

کیمپ میں پلیئرز کو جارحانہ انداز اپنا کر ایشیائی ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کی خصوصی ٹریننگ دی جائے گی، کھلاڑیوں کو ذہنی و جسمانی طور پر مضبوط کرنے اور جذبہ حب الوطنی اجاگر کرنے کے لئے ہیڈ کوچ حسن سردار، صدر پی ایچ ایف بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز سینئر خصوصی لیکچرز بھی دیں گے۔

بدھ کی صبح  نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری لانے کے لئے مخصوص جسمانی ورزشیں کروائی گئیں، بعد ازاں گیم میں بہتری لانے کے لئے پلیئرز کو گیم پریکٹس بھی کروائی گئی، کیمپ کا دوسرا سیشن آج شام کوہوگا جس میں پنالٹی کارنر سمیت دوسرے شعبوں پر بھر پور کام کیا جائے گا۔

ٹیم منیجمنٹ کے مطابق  کیمپ کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہرعباس، امجد علی، محمد عرفان سینئر، راشد محمود، علیم بلال، عماد شکیل بٹ، مبشر علی، تصورعباس، رضوان جونئیر، رضوان سینئر، توثیق ارشد، علی شان، عمر بھٹہ، ابوبکر محمود، شفقت رسول، اظفر یعقوب، محمد عتیق، ارسلان قادر، اعجاز احمد، رانا سہیل، عرفان جونیئر، محمد دلبر، فیصل قادر، ایم رضوان، عاطف مشتاق، رضوان علی، محمد زبیر، ساران بن قمر، منیب الرحمن اورسید ذیشان بخاری شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ایشیائی ایونٹ 18 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک اومان کے دارالحکومت مسقط کے سلطان قابوس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن بھارت سمیت ملائشیا، پاکستان، جنوبی کوریا، جاپان اور اومان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔