ایف بی آر نے پی ٹی اے اکائونٹس سے زبردستی 2 ارب نکلوالیے

نوٹس کی عدم تعمیل پرایل ٹی یواسلام آبادنے پی ٹی اے کے بینک اکائونٹس منجمد کیے


Irshad Ansari June 06, 2013
ایف بی آر کے سینئر افسر نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ ملک بھر کے فیلڈ آفسز نے ایف بی آر کی ہدایت پر ٹیکس نادہندگان سے ٹیکس واجبات کی وصولی کے لیے مہم شروع کی ہے. فوٹو: فائل

لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کے بینک اکائونٹس منجمد کردیے ہیں اور ٹیکس واجبات کی ریکوری کی مد میں پی ٹی اے بینک اکائونٹس سے زبردستی 2 ارب روپے نکلوالیے ہیں۔

ایف بی آر کے سینئر افسر نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ملک بھر کے فیلڈ آفسز نے ایف بی آر کی ہدایت پر ٹیکس نادہندگان سے ٹیکس واجبات کی وصولی کے لیے مہم شروع کی ہے اور جہاں جہاں ڈیمانڈ ریز کی گئی ہے وہاں ٹیکس نادہندگان سے ریکوری کو یقینی بنانے کے لیے اقدام کیے جارہے ہیں۔



ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس واجبات کی عدم ادائیگی پر ایف بی آر کے ذیلی ادارے لارج ٹیکس پیئر یونٹ (ایل ٹی یو) اسلام آباد نے پی ٹی اے کے بینک اکائونٹس منجمد کرکے پی ٹی اے کے بینک اکائونٹس سے 2 ارب روپے نکلوالیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل پی ٹی اے کو نوٹس جاری کیے گئے تھے مگر پی ٹی اے کی طرف سے کمپلائنس نہیں کیا گیا جس کے بعد قانونی تقاضے پورے کرکے پی ٹی اے کے خلاف ریز کی جانے والی ڈیمانڈ کے تحت بینک اکائونٹس منجمد کیے گئے اور بینک اکاونٹس سے پیسے نکلوائے گئے ہیں۔