خوابوں کی تعبیر

فائزہ مشتاق عظیمی  اتوار 30 ستمبر 2018
آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

بنجر علاقے میں درخت لگانا
عزت سلیم، لاہور

خواب :۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک خشک جگہ پہ کھڑی ہوں دور دور تک کوئی سایہ نہیں اور گرمی کافی ھے۔اگلے ہی لمحے میں دیکھتی ہوں کہ میں اپنی دوستوں کے ساتھ مل کہ اس علاقہ میں درخت لگا رہی ہوں اور ساتھ ہی دیکھتی ہوں کہ وہ جگہ بہت ہری بھری ہو گئی ہے۔ ہر طرف سبزہ ہے اور لہلہاتے درخت ۔ سب لوگ بہت خوش ہوتے ہیں اور میں بھی یہ سب دیکھ کہ بہت خوش ہوتی ہوں۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاھر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو گا۔دوست آپ کے معاون رہیں گے۔ آپ نماز کی پابندی ضرور رکھیں۔

بیل گم ہو جاتا ہے
حرا پروین، لاہور

خواب : میرے ابو نے خواب میں دیکھا کہ ہم ایک بیل خرید کر لائے ہیں اور ہم نے اس کو اپنے صحن میں باندھ دیا ہے۔ ہمسائے وغیرہ بھی آ کر ہم کو مبارک دیتے ہیں ۔ پھر میں اس کے آگے چارہ ڈالتی ہوں مگر وہ کھاتا نہیں ۔کچھ دیر بعد ہم دیکھتے ہیں کہ وہ کہیں نہیں ہے۔ ہم سارا علاقہ دیکھتے ہیں مگر وہ کہیں نہیں ہوتا۔

تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی قسم کی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔کاروبار اور نوکری میں مالی پریشانی کا بھی سامنا ہو سکتا ہے۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار پڑھا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات کریں۔ چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالنے کا بھی اہتمام کیا کریں۔

تحفے میں قلم ملنا
امجد بٹ،گوجرانوالہ

خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ ہم اپنی نانی کے گھر گرمیوں کی چھٹیوں میں آئے ہوئے ہیں ۔ یہاں میری خالہ بھی آئی ہوئی ہوتی ہیں اور سب بچوں کے لئے تحفے لے کر آئی ہوتی ہیں۔ مجھے بہت خوبصورت قلم ملتا ہے جس سے میں قرآن پاک کی آیات لکھتا ہوں ۔ سب لوگ یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں اور میں خود بھی حیران ہو رہا ہوتا ہوں کہ اتنی خوبصورتی سے میں نے کیسے لکھ لیا۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

بازار سے تیل خریدنا
اسماء امین،لاہور

خواب :۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی ساس کے گھر گئی ہوئی ہوں وہاں پہ میرے دیور کی فیملی بھی آئی ہوئی ہے اور نند بھی ۔ میری ساس مجھے اور میری نند کو کچھ سامان لانے کو پیسے دیتی ہیں ۔ میں اور میری نند بازار جاتے ہیں اور سامان لے کر آتے ہیں ۔ اور وہ سارا کا سارا تیل پہ ہی مشتمل ہوتا ہے۔گھر آ کر جب میری ساس اس تیل کو دیکھتی ہیں تو بہت خوش ہوتی ہیں ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی رحمت سے آپ کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو گا۔ نیک نامی میں اضافہ ہو گا جو کاروبار یا نوکری یا پھر گھریلو سطح پہ بھی ہو سکتی ھے۔ آپ صلہ رحمی سے کام لیا کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

دوستوں کے ساتھ دعوت اڑانا
فرقان علی، لاہور

خواب :۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کہیں کسی خوبصورت سی جگہ پہ موجود ہوں اور ہم سب کھانا کھانے کے لئے اس جگہ آئے ہیں۔ پھر ایک آدمی آتا ہے اور میرے سامنے ایک خوان رکھ دیتا ہے جس میں تیتر تلے ہوئے رکھے ہوتے ہیں۔ میں اپنے دوستوں کو بھی اس میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں اور ہم سب اس کھانے سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور انتہائی مزے لے کر کھاتے ہیں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

درخت سے انار توڑ کر کھانا
معین وقار، شورکوٹ

خواب :۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی درخت سے انار توڑ کر کھا رہا ہوں اور اپنے گھر والوں کو بھی توڑ توڑ کہ دیتا ہوں وہ سب بھی انتہائی مزے لے کر کھاتے ہیں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

لذیذ کھانے
احمد مرتضیٰ، لاہور

خواب :۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اکیلا کہیں کسی کمرے میں بیٹھا ہوں اور وہاں ایک میز پہ انواع و اقسام کے کھانے پڑے ہوئے ہیں جن سے انتہائی خوشبو اٹھ رہی ہے۔ بلکہ کئی کھانے تو ایسے تھے جو کبھی دیکھے نہ کھائے۔ میں ادھر انتھائی بے تکلفانہ انداز میں بیٹھ جاتا ہوں اور مزے لے لے کر انتھائی لذیذ کھانے کھاتا ہوں۔ دل میں مسلسل خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ھم کو یہ نعمت دی۔ وہ خوشی سکون اور مزہ میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ کاروبار میں وسعت ہو گی اور برکت بھی۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

سسر گندگی میں لتھڑے ہوتے ہیں
ماریہ قبطیہ، وزیرآباد

خواب :۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے سسرال کے ساتھ کسی گاوں میں کوئی شادی اٹینڈ کرنے آتی ہوں۔ میرے سارے سسرال والے وہاں خوشی خوشی رہتے ہیں مگر مجھے گاوں میں بنیادی سہولیات کے بنا کافی مشکل ہو رہی ہوتی ہے۔ ایک دن میرے سسر باہر جا رہے ہوتے ہیں کہ کہیں گندگی میں سارے لتھڑ کر گھر آتے ہیں۔ ان کے پاس سے شدید بو آ رہی ہوتی ہے۔ بس اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر :۔ یہ خواب اللہ نہ کرے پریشانی و حرام مال کو ظاہر کرتا ہے۔کاروباری معاملات میں قناعت اور ایمانداری کا مظاہرہ کریں۔ سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار بھی کیا کریں اور اللہ کے حبیبﷺ کی سیرت پر عمل کریں۔

گاؤں میں خالی گھر
عمران کبیر، بورے والا

خواب : ۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر گاوں گیا ہوں۔ اس خالی گھر میں ہر طرف ابتری پھیلی ھوئی ہوتی ہے اور جیسے پورے گھر میں اس کا غبار پھیلا ہوا ہے۔ جبکہ ہم اس گھر میں رہتے بھی نہیں اور نہ ہی ادھر کچھ خاص سامان موجود ہے۔

تعبیر:۔ یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ مالی معاملات میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ غیر ضروری اخراجات یا اصراف اس کا سبب ہو سکتا ہے۔کاروبار میں بھی رقم بلاک ہونے کا احتمال ہے۔ اس سے اللہ نہ کرے کہ قرض تک کی نوبت آ سکتی ہے۔ آپ حلال روزی کا اہتمام کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ صدقہ وخیرات بھی حسب توفیق کرتے رہا کریں۔

سفید بکری خریدنا
ارسلان بیگ ، لاہور

خواب :۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی منڈی جیسی جگہ پر ہوں اورکوئی جانور خریدنا چاہتا ہوں ، حالانکہ نہ تو بکرا عید ہے اور نہ ہی گھر میں کوئی فنکشن ہے پھر بھی میں خود کو ادھر پاتا ہوں۔کافی دیر بعد مجھے ایک سفید رنگ کی خوبصورت سی بکری پسند آ جاتی ہے۔ میں ان بزرگ سے بھاؤ تاؤ کرتا ہوں۔ اب آگے مجھے یاد نہیں مگر یہ ضرور یاد ہے کہ میں گھر آ کر اس سفید بکری کو لا کر بہت خوش ہو رہا ہوتا ہوں اور حیران اس کے ساتھ ملنے والے ایک سفید بیگ پہ ہوتا ہوں جس میں ایک گائے کی کھال موجود ہوتی ھے۔ میں ان دونوں چیزوں کی موجودگی سے کافی خوشی محسوس کر رہا ہوتا ہوں اور مسلسل اس پر اپنی انگلیاں پھیر کر خوش ہو رہا ہوتا ہوں ۔

تعبیر :۔ بہت اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی و فضل سے حلال طریقے سے رزق میں اضافہ ہو گا اور مالی طور پہ مستحکم ہوں گے۔ آپ چاہے کاروباری ہوں یا نوکری میں، سب میں آسانی ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو حسب استطاعت صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

ریچھ حملہ کر دیتا ہے
مدیحہ سلمان، لاہور

خواب :۔ یہ خواب میرے بھائی نے دیکھا کہ ہم سب کسی پہاڑی مقام پہ چھٹیاں گزارنے گئے ہوئے ہیں اور ایک دن وہاں پہ سب بچے گراونڈ میں کھیل رہے ہوتے ہیں کہ ادھر ایک ریچھ جنگل سے نکل آتا ہے۔ یہ دیکھ کر سب بچے چیخنے لگ جاتے ہیں۔ ریچھ تیزی سے ہماری طرف بڑھتا ہے اور سب ڈر کہ مختلف سمتوں میں بھاگتے ہیں۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتادیں۔

تعبیر:۔ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے۔گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں۔

گھوڑے سے گرنا
صوفیہ تبسم،لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی دوست کے ساتھ اس کے فارم ہاوس پہ آئی ہوئی ہوں۔ وہاں ان لوگوں نے گھوڑے بھی رکھے ہوئے ہیں۔ میری دوست مجھ سے گھڑ سواری کا کہتی ہے تو میں اس کو یہ نہیں بتاتی کہ میں نے اس سے پہلے کبھی گھوڑے کی پشت پہ سواری نہیں کی بلکہ اس کے ساتھ دوسرے گھوڑے پہ سوار ہو جاتی ہوں ۔ مگر جیسے ہی وہ دوڑتا ہے میں نیچے گر جاتی ہوں اور وہ میرے اوپر سے گزرتا چلا جاتا ہے۔ اس کے بعد سب لوگ اکھٹے ہو جاتے ھیں جو مجھے اٹھانے اور ہسپتال لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس کے بعد مجھے یاد نہیں ۔

تعبیر : ۔ اس سے ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔یہ بھی ہو سکتا ہے کہ نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ ے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے۔گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ صدقہ خیرات بھی کریں۔

 سکول میں تلاوت کرنا
منیرہ علی، اسلام آباد

خواب ؛ ۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے سکول کی اسمبلی میں کھڑی ہوں اور جو بچہ اسمبلی میں تلاوت کر رہا ہوتا ہے وہ بار بار بھول رہا ہوتا ہے۔ میں نجانے کیوں آگے بڑھ کر خود تلاوت کرنے لگ جاتی ہوں حالانکہ ہمارے سکول میں ٹیچرز ایسا نہیں کرتیں۔اس کو میں پیچھے ہٹنے کا اشارہ کرتی ہوں اور خود اس کی جگہ کھڑی ہو کر سورہ الفیل پڑھنا شروع کر دیتی ہوں ۔ پڑھتے ہوئے مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔ میں باقاعدہ قرات کے ساتھ تلاوت کرتی ہوں۔ بعد میں پرنسپل اور باقی اساتذہ بہت خوش ہوتے ہیں۔

تعبیر: ۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے آپ کو بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔گھریلو و کاروباری معاملات میں دشمن پہ فتح نصیب ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔ کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

گھر میں آبشار
ملیحہ حسن، پتوکی

خواب :۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی اجنبی سے گھر میں ہوں اور اس گھر کے اندر ہی ایک آبشار سی بہ رہی ہے۔ مجھے نہیں پتہ کہ وہ گھر کس کا ہے یا اندرکون لوگ ہیں ، مگر یہ یاد ہے کہ میں حیران ہوتی ہوں کہ کیسے یہ گھر کسی نے بنایا ہے۔ میں آھستہ آھستہ آگے بڑھتے ہوئے آبشار کے پانی کے پاس چلی جاتی ہوں جو ایک نالی نما راستے سے گھر سے باہر جا رہا ہوتا ہے۔ میں اس پانی میں قدم رکھ دیتی ہوں جو کہ اتنا صاف ہوتا ہے کہ میں اپنے پیر بھی پانی میں دیکھ سکتی ہوں۔ پھر میں آگے بڑھ کر اس کو پینے کی کوشش کرتی ہوں اور پیتے ہوئے یہ سوچ کے کھڑی ہو جاتی ہوں کہ زمزم کو تو ہم بیٹھ کر نہیں پیتے اور کھڑے ہو کر وہ انتہائی لذیز اور میٹھا پانی پینے لگ جاتی ہوں۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ھے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے درجات میں ترقی ہو گی۔ علم و ہنر کی دولت آپ کو نصیب ہو گی جس سے دنیاوی طور پر بھی آپ کو فائدہ ہو گا۔ یعنی مال و وسائل میں بھی برکت ہو گی۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ تلاوت قرآن پاک کو اپنا معمول بنا لیں۔

ڈبے میں مردہ خرگوش
نصرت فیروز، گوجرانوالہ

خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی شادی پر گاوں آیا ہوا ہوں۔ میرے بچوں کو یہ جگہ بہت پسند آتی ہے۔ ایک منظر میں مجھے لگتا ہے کہ جیسے یہ میری ہی شادی ہو رہی ہے اور بہت سارے لوگ میرے لئے تحفے لے کر آئے ہیں۔ جن میں میری جٹھانی بھی ہیں جو ایک بڑا سا ڈبہ لاتی ہیں اور مجھے دیتی ہیں کہ تمھارے بیٹے کے لیے ہے۔ میں خوشی خوشی کھول کر دیکھتی ہوں تو اس کے اندر کچھ خرگوش ہوتے ہیں جو کہ مر چکے ہوتے ہیں۔ میں ایک دم گھبرا کر اٹھ کھڑی ہوتی ہوں تو وہ میرے ہاتھ سے چھوٹ کے نیچے گر جاتا ہے۔ مگر میں مارے خوف کے اس جگہ سے بھاگ جاتی ہوں۔ اس کے بعد والا حصہ مجھے یاد ہی نہیں ہے ۔

تعبیر:۔ آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ کسی کی موت کی خبر بھی ہو سکتی ہے۔گھریلو اور کاروباری یا تعلیمی معاملات میں بھی پریشانی و رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا شکور یا خفیظ کا ورد کیا کریں۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی۔

گناہوں کی معافی مانگنا
اسلم خان، اسلام آباد

خواب :۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے محلے کی مسجد میں نماز عصر ادا کرنے گیا ہوں۔ نماز کے بعد جب کافی نمازی چلے جاتے ہیں مسجد میں چند ہی لوگ ہوتے ہیں۔ میں خود کو گڑگڑا کر اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ھوئے دیکھتا ہوں۔ اور اس آہ و زاری میں مسجد میں موجود لوگ اٹھ کر میرے ارد گرد اکٹھے ہو جاتے ہیں تو میں گھبرا کر باہر نکل آتا ہوں۔ جب میری آنکھ کھلی تو میرا چہرہ آنسووں سے بھرا ہوا تھا اور میں استغفار کی تسبیح پڑھ رہا تھا۔

تعبیر :۔ اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی۔ رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں۔

نظر کی خرابی
محمود علی، لاہور

خواب :۔ میں نے دیکھا کہ میں کہیں جا نے کے لئے تیار ہو رہا ہوں۔ میرے باتھ روم کا شیشہ کافی اندھا سا ہو رہا ہوتا ہے تو میں دوسرے کمرے میں چلا جاتا ہوں کہ ادھر تیار ہو جاتا ہوں۔ مگر اس کمرے میں موجود شیشہ بھی زنگ آلود سا ہوتا ہے اور بالکل بھی ٹھیک نظر نہیں آ رہا ہوتا ۔ پھر میں اسی طرح گھر سے نکل جاتا ہوں مگر میری گاڑی کے شیشے بھی اندھے سے لگتے ہیں ۔ مجھے بالکل بھی ٹھیک دکھائی نہیں دیتا ۔

تعبیر:۔ آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو معاملات یا اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ازدواجی معاملات میں بھی بیوی یا شوہر کی طرف سے اسی طرح کے مسلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری معاملات میں بھی کسی پریشانی سے رکاوٹ ہو سکتی ہے۔ اس کا تعلق کاروباری افراد سے ہو سکتا ہے۔ جو آپ کے بھروسے کو توڑ سکتے ہیں ۔کوشش کریں کہ ان معاملات میں ضروری کاروائی لازمی کریں تا کہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ لازمی طور پر صدقہ و خیرات بھی کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔