ناتھن لیون نے پاکستان کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 30 ستمبر 2018
سمیع اسلم کی بھی ففٹی، اسد اور شان ناکام، ٹیم نے 6 وکٹ پر247رنزاسکور کرلیے۔ فوٹو: فائل

سمیع اسلم کی بھی ففٹی، اسد اور شان ناکام، ٹیم نے 6 وکٹ پر247رنزاسکور کرلیے۔ فوٹو: فائل

دبئی: ٹیسٹ سیریز سے قبل آسٹریلوی اسپنر ناتھن لیون نے پاکستان کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی، انھوں نے ’’اے‘‘ ٹیم کیخلاف ٹور میچ میں 5 شکار کرلیے۔

دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں پاکستان ’’اے‘‘ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنرز نے پیسرزکا بہتر انداز میں سامنا کیا مگر ناتھن لیون نے اسپن جال بچھانا شروع کردیا، انھوں نے پہلا شکار 24کے مجموعی اسکور پر شان مسعود(14) کا کیا،کیچ وکٹ کیپر ٹم پین نے لیا۔

ایشیا کپ میں کوئی میچ نہ کھیل پانے والے اوپنر کو خصوصی طور پر یواے ای میں روکا گیا تھا لیکن کوئی تاثر نہ چھوڑ پائے، سمیع اسلم نے نئے بیٹسمین عابد علی کے ساتھ82رنزکی شراکت سے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔

لیون نے ان کی اننگز کا51 پر اختتام کرنے کیلیے ایک بار پھر وکٹ کیپر کا سہارا لیا، کینگروز کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی امیدوں کا مرکز اسد شفیق پریکٹس کے موقع سے فائدہ نہ اٹھاسکے،وہ صرف 14رنز بنانے کے بعد جان ہولینڈ کی گیند پر کور میں موجود شان مارش کو کیچ دے بیٹھے۔

ناتھن لیون نے افتخار احمد(4) کو بولڈ کرنے بعد عثمان صلاح الدین(1) کو میٹ رینشا کی مدد سے چلتا کردیا، 149پر نصف بیٹنگ لائن کی رخصتی کے بعد سعد علی(36) نے عابد علی کے ساتھ ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کیلیے 75رنز جوڑے، بالاآخر انھیں ناتھن لیون نے وکٹوں کے پیچھے کیچ کرا دیا۔

پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان ’’اے‘‘ نے6 وکٹ پر247رنز بنائے تھے، عابد علی 254گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 83رنز پر ناقابل شکست ہیں، محمد رضوان 13رنز بنا چکے، ناتھن لیون  نے 5وکٹیں لیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔