10 دن میں نہروں کے آخری سرے تک پانی کی فراہمی یقینی بنائینگے بابر

ضلع ٹھٹھہ میں وارا بندی ختم کرنیکا اعلان،نہروں وسیم نالوں کی کھدائی کاکام بارشوں سےقبل مکمل کرلیاجائیگا، سیکریٹری.


Nama Nigar June 09, 2013
حفاظتی بندوں پر نصب غیرقانونی پمپ اور مشینری فوری ہٹائی جائے، مکلی میں اعلی سطحی اجلاس، اویس مظفر و دیگر کی بھی شرکت. فوٹو: فائل

لاہور: صوبائی سیکریٹری آبپاشی بابر آفندی نے ٹھٹھہ ضلع میں وارا بندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 10 دن کے اندر ضلع کی نہروں کے آخری سرے تک پانی کی فراہمی ہر صورت میں یقینی بنائی جائے۔

دربار ہال مکلی میں ٹھٹھہ ضلع میں پانی کی قلت دور کرنے اور آبپاشی سے وابستہ دیگر مسائل سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوٹری بیراج کی نچلی سطح میں 4 دن قبل 8900 کیوسک پانی تھا جو کہ اب بڑھ کر 15000 کیوسک ہو گیا ہے، جس سے انشاء اللہ 10 دن کے اندر ضلع میں پانی کی قلت ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ ضلع میں نہروں، شاخوں اور سیم نالوں کی کھدائی اور صفائی کا کام کافی حد تک ہو چکا ہے جبکہ بقیہ کام بارشوں سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ جس کے لیے مزید مشینری و دیگر سامان روانہ کیا گیا ہے۔



انہوں نے زمینداروں اور آبادگاروں کو مشورہ دیا کہ وہ محکمے سے تعاون کریں اور کھدائی اور صفائی کے کام کی نگرانی کریں، تاکہ رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی نے قانون اور قواعد پر عمل درآمد کے لیے ایک سمری وزیر اعلی سندھ کو ارسال کی ہے جس کی منظوری کے بعد اس پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے آبپاشی انجینئرز کو ہدایت کی کہ حفاظتی بندوں پر نصب غیرقانونی پمپ، مشینری اور کٹ فوری طور پر ہٹائے جائیں۔ کیٹی بندر میں 14 گاؤں کو سمندر کے پانی سے محفوظ اور حفاظتی بند بنانے کے لیے بھی سمری وزیر اعلی سندھ کو ارسال کی گئی ہے۔

انہوں نے آبپاشی انجینئرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ان کی اجازت کے بغیر ہیڈکواٹر نہ چھوڑیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ آبادگاروں اور زمینداروں سے قریبی رابطے میں رہیں اور ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ اس موقع پر ایم پی اے اویس مظفر کے ترجمان ڈاکٹر شفقت سومرو نے کہا کہ اگلے 5برسوں میں ضلع میں نہروں، شاخوں اور سیم نالوں کی حالت بہتر بنانے کیلیے پالیسی تیار کی جا رہی ہے تاکہ زراعت کو زیادہ سے زیادہ ترقی دی جا سکے۔ اس موقع پر ایم پی اے ریحانہ لغاری، ڈاکٹر الطاف خواجہ، پی پی رہنماؤں غلام قادر پلیجو اور اعجاز خواجہ و دیگر نے آبپاشی کے مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے تجاویز پیش کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں