چیمپئنز ٹرافی بولنگ کا منفی ریکارڈ اسٹارک کے نام جُڑگیا

سب سے زیادہ رنز دینے والے آسٹریلوی بولر بن گئے، بیلی کی بطور کپتان دوسری ففٹی۔


Sports Desk June 10, 2013
سب سے زیادہ رنز دینے والے آسٹریلوی بولر بن گئے، بیلی کی بطور کپتان دوسری ففٹی۔ فوٹو: فائل

آسٹریلوی بولر مچل اسٹارک نے 10اوورز میں 75رنز دیکرایک وکٹ لی، یہ رنز دیے جانے کے اعتبار سے چیمپئنز ٹرافی میں کسی بھی آسٹریلوی بولر کی بدترین کارکردگی شمار ہوئی۔

آسٹریلوی کپتان جورج بیلی نے بطور ون ڈے کپتان دوسری ففٹی جڑی، اس سے قبل وہ سری لنکا کیخلاف بھی رواں برس میلبورن میں 89 کی قائدانہ اننگز کھیل چکے ہیں، مجموعی طور پر یہ ان کی پانچویں اور انگلینڈ کیخلاف دوسری ون ڈے ففٹی بنی، انگلینڈ کیخلاف آسٹریلیا کے نمبر8 بیٹسمین جیمز فلکنر نے 42 گیندوں پر 54 ناٹ آئوٹ بنائے، یہ ان کی پہلی ون ڈے ففٹی ہونے کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی میں ڈائون آرڈر میں کھیلنے والے کسی بھی آسٹریلوی بیٹسمین کی دوسری ففٹی ہے، ان سے قبل مچل جونسن نے ویسٹ انڈیز کیخلاف 2009 میں47 گیندوں پر73 کی ناقابل شکست اننگز کھیل رکھی ہے۔



دوسری جانب جیمز اینڈرسن ون ڈے کرکٹ میں سب سے کامیاب انگلش بولر بن گئے، انھوں نے 170 میچز میں 237وکٹیں اپنے نام کرلی ہیں، ان سے قبل ڈیرن گف 235وکٹوں کے ساتھ یہ اعزاز حاصل کیے ہوئے تھے، اینڈرسن نے آسٹریلیا کیخلاف 30رنز دیکر3وکٹیں اپنے نام کیں، بیل نے 91رنز بناکر ایجبسٹن پر اپنا بہترین انفرادی اسکور ترتیب دے دیا، اس سے قبل اس میدان پر ان کی بہترین کاوش 79رنز تھی، جو انھوں نے 2007 میں بھارت کیخلاف بنائے تھے، بیل کو اس عمدہ کارکردگی پر پہلی مرتبہ مین آف دی میچ ایوارڈ دیاگیا، الیسٹرکک اور ای ین بیل ون ڈے میں بطور اوپننگ جوڑی ہزار رنز مکمل کرنے والے دوسرے پیئر بنے۔

وہ اب تک 24 اننگز میں 1013رنز جوڑ چکے ہیں، جس میں دو سنچری اور سات ففٹی پلس شراکتیں شامل ہیں، ان سے قبل مارکوس ٹریسکوتھک اور نک نائٹ بھی پہلی وکٹ کی ساجھے داری میں مجموعی طورپر 1567رنز جوڑ چکے ہیں، شین واٹسن کو انگلش بولر ٹم بریسنن نے پانچویں مرتبہ اپنا شکار بنایا، ان کے علاوہ سری لنکن پیسر شین واٹسن کو سب سے زیادہ چھ مرتبہ آئوٹ کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں، روی بوپارا نے 37 گیندوںپر 46 ناٹ آئوٹ بنائے، یہ ان کی ایونٹ میں اب تک کی بہترین انفرادی کارکردگی بنی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں