ون ڈے رینکنگ میں حسن علی کے قدم مزید پھسل گئے 2 درجے تنزلی

نویں نمبر پرجا پہنچے، بیٹنگ میں بابر اعظم کی چھٹی پوزیشن محفوظ رہی۔


Sports Desk October 09, 2018
ٹیموں میں پاکستان کا پانچویں درجے پر قبضہ برقرار،انگلش ٹیم سب سے آگے۔ فوٹو: فائل

ون ڈے بولنگ رینکنگ میں حسن علی کے قدم مزید پھسل گئے اور پاکستانی پیسر کو2 درجے تنزلی نے نویں نمبر پر پہنچا دیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جنوبی افریقہ کی زمبابوے پر 3 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ فتح کے بعد تازہ ترین رینکنگ جاری کردی، جس میں خاص طور پر پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی کیلیے کچھ اچھی خبر نہیں، جس تیزی سے وہ ترقی پاتے ہوئے اوپر گئے تھے، ویسے ہی نیچے آرہے ہیں۔

پروٹیز کے دیس میں منعقدہ حالیہ ایک روزہ سیریز میں میزبان بولرزکاگیسو ربادا اور عمران طاہر کی تین، تین درجے ترقی کی بدولت عادل رشید، حسن علی اور مجیب الرحمان کو 2،2 درجے نیچے آنا پڑا، اگرچہ اس وقت عادل اور حسن کے پوائنٹس برابر ہیں مگر اعشاریائی فرق کی وجہ سے پاکستانی پیسر کو نویں نمبر پر جانا پڑا۔ ایک روزہ کرکٹ کے ٹاپ 20 بولرز میں اپنے ملک کے صرف وہی ایک بولر ہیں۔ ٹاپ پر بھارتی جسپریت بمرا اور دوسرے نمبر پر افغانستان کے راشد خان ہیں۔

بیٹنگ چارٹ پر بابر اعظم کی چھٹی اور فخر زمان کی 19 ویں پوزیشن فی الحال برقرار ہے، ٹاپ پر ویرات کوہلی براجمان ہیں، ٹیم رینکنگ میں پاکستان 101 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے، اسے چھٹے نمبر کی ٹیم آسٹریلیا پر صرف ایک ہی پوائنٹ کی برتری حاصل جبکہ چوتھے نمبر کی ٹیم جنوبی افریقہ پورے 9 پوائنٹس آگے ہے۔

اس وقت ٹاپ رینکڈ ون ڈے ٹیم انگلینڈ جبکہ بھارت دوسرے نمبر پر ہے، دونوں کا اگلا معرکہ کمزور حریفوں بالترتیب سری لنکا اور ویسٹ انڈیز سے ہے، اس لیے کامیابی کی صورت میں صرف ایک، ایک پوائنٹ ہی ہاتھ آئے گا تاہم ناکامی کا گہرا اثر پڑسکتا ہے۔

مقبول خبریں