بھارتی کرکٹ بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کا آج اہم اجلاس

آئی پی ایل ٹیم راجستھان رائلز کے مالک راج کندرا کی قسمت کا فیصلہ متوقع۔


Sports Desk June 10, 2013
میچ فکسنگ اسکینڈل میں ٹیم اور مالک دونوں کے کردار کا جائزہ لیا جائیگا، ذرائع۔ فوٹو: فائل

AHMEDABAD: راجستھان رائلز اور اس کے مالک راج کندرا کی قسمت کا فیصلہ پیر کو متوقع ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں فکسنگ اسکینڈل میں ٹیم اور مالک دونوں کے کردار کا جائزہ لیا جائیگا۔

ذرائع کا کہنا کہ شلپاشیٹھی کے خاوندکو تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کیا جاسکتا ہے، ضرورت پڑی تو سخت ایکشن بھی لیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس پیر کوہورہا ہے، یہ اجلاس بورڈ کے قائم مقام صدر جگموہن ڈالمیا نے ہنگامی طور پر طلب کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میں راجستھان رائلز اور اس کے شریک مالک راج کندراکا معاملہ چھایا رہے گا۔ راجستھان رائلز کے تین پلیئرز فاسٹ بولر شری شانتھ، انکیت چھاون اور چنڈیلااسپاٹ فکسنگ کیس میں اس وقت تہاڑ جیل میں بندہیں جبکہ ٹیم کے شریک مالک اور بالی ووڈ اسٹار شلپا شیٹھی کے خاوند راج کندرا چند روز قبل پولیس کے سامنے اعتراف کرچکے ہیں کہ انھوں نے بھی اپنی ٹیم کے میچز پر جوا کھیلا تھا۔

اس معاملے پر بی سی سی پر سخت ایکشن لینے اور آئی پی ایل کی ساکھ بحال کرنے کیلیے کافی دبائو ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک ٹاپ آفیشل کا کہنا ہے کہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں راج کندرا کے معاملے کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا، اس میں تحقیقات مکمل طور پر تک کندرا کو معطل بھی کیا جاسکتا ہے اور اگر بعد میں وہ کسی بھی غلط حرکت میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ اگر راجستھان رائلز کے پلیئرز کے بعد انتظامیہ کے کرپشن میں ملوث ہونے کا ثبوت ملتا ہے تو پھر اسے بھی آئی پی ایل سے باہر کیا جاسکتا ہے۔



دوسری جانب دیگر مالکان بھی فرنچائز کو بچانے کے لیے کندرا کو کنارے لگانے کیلیے تیار ہیں۔ راجستھان رائلز کے چیئرمین رنجیت بارٹھاکر اور چیف ایگزیکٹیو رگھو لائر کا کہنا ہے کہ راج کندرا کے ٹیم میں صرف 11.7 فیصد شیئر ہیں، ان کا فرنچائز کو چلانے میں کوئی کردار نہیں ہے، ہمیں اس بات پر یقین ہے کہ کندرا قانون پر عملدرآمد کرنے والے شہری ہیں لیکن پھر بھی اگران کا کوئی جرم ثابت ہوجاتا یا پھر وہ کسی قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تو نہ صرف انھیں معطل کردیا جائے گا بلکہ وہ اپنے شیئرز سے بھی دستبردار ہوجائیں گے، تمام شیئر ہولڈرز کے درمیان پہلے ہی یہ بات طے ہوچکی ، ہم اس معاملے میں عدم برداشت کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل کے معاہدے کی شق 11.3(سی) کے تحت اگر کسی بھی فرنچائز کا مالک یا مالکان کھیل کی بدنامی کا سبب بنے تو ان کی ٹیم کو ایونٹ سے باہر کردیا جائے گا۔کندرا اور ان کی بیوی شلپا شیٹھی نے ککی انویسٹمنٹ کے ذریعے راجستھان رائلز کے 11.7 فیصد شیئر لیے، سریش چیلارام اینڈ فیملی کے 44.2 فیصد، منوج بادلے کے 32.4 اور لاچلان مردوچ کے 11.7 فیصد شیئر ہیں۔ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں نئے بورڈ سیکریٹری سنجے پٹیل کی تقرری کی توثیق کی جائے گی جبکہ خازن کیلیے امیدواروں کے نام پر غور کیا جائے گا اس سلسلے میں کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن میں یہی ذمہ داری انجام دینے والے ٹی وینکٹیش کا نام لیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں