پی ایس ایل فور کے پلیئرز ڈرافٹ 20 نومبر کو ہوں گے

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 12 اکتوبر 2018
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری کو ہوگا ۔ فوٹو : فائل

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری کو ہوگا ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  پی ایس ایل کی کہکشاں پر کون جگمگائے گا؟ ستاروں کا انتخاب20نومبرکو کیا جائے گا،چوتھے ایڈیشن کے ڈرافٹ کا میلہ اسلام آباد میں سجایا جائے گا،تمام6فرنچائزز کیلییٹریڈنگ ونڈو 12 تاریخ تک کھلی رہے گی،اگلے روز اسکواڈ میں برقرار رکھے جانے والے کھلاڑیوں کا فیصلہ ہوگا،زیادہ سے زیادہ10پلیئرز کو رکھنے کی اجازت ہوگی۔

ہر 16رکنی ٹیم کو پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ کیٹیگری میں 3،3، سلور میں5اور 2ایمرجنگ پلیئرز منتخب کرنا ہوں گے،غیر ملکی اسٹارز میں اے بی ڈی ویلیئرز، اسٹیون اسمتھ، راشد خان، کیرون پولارڈ، کولن منرو، شین واٹسن، سنیل نارائن، کرس لین، عمران طاہر، ڈیرن سیمی، لیوک رونکی، برینڈن میک کولم، تھشارا پریرا اور کولن انگرام  شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ فور کیلیے پلیئرز کے ڈرافٹ کا عمل20 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا، ایونٹ میں شامل 6فرنچائزز اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کھلاڑیوں کا انتخاب کرینگی، ڈرافٹنگ کے عمل سے قبل پلیئرز کی ٹریڈنگ کیلیے ونڈو 12 نومبر تک کھلی رہے گی۔

اگلے روز ٹیمیں برقرار رکھے جانے والے کھلاڑیوں کا فیصلہ کرینگی، آئندہ سیزن کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہر فرنچائز گزشتہ اسکواڈ میں سے زیادہ سے زیادہ 10 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکتی ہے،چوتھے ایڈیشن کے نمایاں غیر ملکی پلیئرز میں اے بی ڈی ویلیئرز، اسٹیون اسمتھ، راشد خان، کیرون پولارڈ، کولن منرو، شین واٹسن، سنیل نارائن، کرس لین، عمران طاہر اور ڈیرن سیمی شامل ہیں، راشد خان کی دستیابی افغان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے مشروط ہوگی، گزشتہ برس کندھے کی انجری کے سبب ایونٹ میں حصہ نہ لے پانے والے لاہور قلندرز کے کرس لین بھی فہرست میں شامل ہیں۔

گزشتہ ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹائٹل فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے لیوک رونکی اب ٹاپ کیٹیگری میں موجود ہیں، نیوزی لینڈ کے ہی سابق کپتان برینڈن میک کولم بھی پی ایس ایل کا حصہ ہونگے، سری لنکن آل راؤنڈر تھشارا پریرا پلاٹینیم پلیئرز کی فہرست میں موجود ہیں جبکہ کولن انگرام کی خدمات بھی میسر ہونگی،ان اسٹارز کو فہرست میں شامل ضرور رکھا گیا تاہم ایونٹ شروع ہونے سے فائنل تک دستیابی اور دیگر مصروفیات کو بھی پیش نظر رکھنا ہوگا۔ دوسری جانب ڈرافٹ کیلیے دستیاب 89قومی کرکٹرز کی فہرست پہلے ہی جاری کردی گئی تھی۔

اس میں احمد شہزاد کا بھی اضافہ ہوچکا، ڈوپنگ کیس میں4ماہ کی سزا پانے والے اوپنر کو گولڈ کیٹیگری میں شامل کیا گیا، پلاٹینم کے14پلیئرز میں قومی کپتان سرفراز احمد، سینئر آل راؤنڈرز شعیب ملک اور محمد حفیظ، 2 سابق قائد مصباح الحق اور شاہد آفریدی بھی شامل ہیں، محمد عامر، فہیم اشرف،شاداب خان، بابر اعظم، فخرزمان، حسن علی، وہاب ریاض، محمد عرفان اور کامران اکمل بھی ٹاپ پلیئر کے طور پر دستیاب ہونگے۔

ڈائمنڈ کیٹیگری میں رومان رئیس، محمد سمیع،آصف علی، عماد وسیم ، عثمان شنواری، یاسرشاہ، جنید خان، سہیل تنویر اور محمد نواز سمیت 9 کرکٹرز موجود ہیں۔ 20گولڈ، 34سلور،12 ایمرجنگ کھلاڑی بھی سلیکشن کیلیے دستیاب ہوں گے۔

ہر 16رکنی اسکواڈ کو پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ کیٹیگری میں 3،3، سلور میں 5اور 2ایمرجنگ پلیئرز منتخب کرنا ہیں۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق ایونٹ کی سرگرمیوں میں مزید شہروں کو شامل کرنے کی غرض سے ڈرافٹنگ کا عمل لاہور سے اسلام آباد  منتقل کیا گیا۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل فور کا آغاز14 فروری 2019 کو ہوگا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلا چیمپئن بنے کا اعزاز حاصل کیا تھا، دوسرے سیزن میں ٹائٹل پشاور زلمی کے نام رہا، تیسرے ٹورنامنٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دوسری بار چیمپئن بن گئی، آئندہ ایڈیشن کے فائنل سمیت8میچز پاکستان میں شیڈول کیے گئے ہیں،لاہور اور کراچی میزبان ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔