شرت سبھروال کا طے شدہ تجارتی روڈ میپ پر عملدرآمد پر زور

بینکاری روابط پربات جاری، زمینی تجارت کو توسیع، رکاوٹیں دور کرنی چاہئیں، کراچی چیمبر سے خطاب


Business Reporter June 12, 2013
بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال کے ایوان صنعت و تجارت کے دورے پر کراچی چیمبر کے صدر ہارون اگر مہمان کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کر رہے ہیں، اس موقع پر بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی، زبیر موتی والا و دیگر بھی موجود ہیں۔ فوٹو: محمد ثاقب/ایکسپریس

بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال نے کہا ہے کہ سافٹا معاہدے کے تحت بھارت نے حساس فہرست میں30 فیصدکمی کرتے ہوئے 878 ٹیرف لائنز کم کرکے 614 کر دی ہیں۔

پاکستان کی جانب سے بھارت کو ایم ایف این کا درجہ دیے جانے کے بعدبھارت فوری طورپرٹیرف لائنز مزید گھٹا کر100 ٹیرف لائنز تک لائے گا اورپاکستان بھی آئندہ 5 سال کے دوران اپنی حساس فہرست میں اشیا کی تعداد بتدریج گھٹا کر100 ٹیرف لائنزکی سطح پر لائے گا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کراچی چیمبر آف کامرس میں تاجروں و صنعت کاروں سے خطاب کے دوران کہی۔

شرت سبھروال نے کہا کہ ستمبر 2012 میں دونوں ممالک کے سیکریٹری تجارت کی سطح پرمرتب کیے جانے والے روڈمیپ پر مکمل عمل درآمد ضروری ہے، دونوں ممالک کے درمیان سمندری راستے سے تجارتی سرگرمیوں کی نسبت زمینی راستوں ریل اورسڑک کے ذریعے تجارت کو توسیع دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی ویزا پالیسی کے تحت پاکستانی تاجروں کوایک سال کا ملٹی پل بزنس انٹری ویزے کا اجرا ہو چکا ہے۔

انہوں نے صنعت وتجارت اورمعاشی سرگرمیوں کے فروغ میں کراچی چیمبر کے متحرک کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت تجارتی تعلقات کے فروغ کیلیے کراچی چیمبر کی تجاویز انتہائی حوصلہ افزا ہیں، پاک بھارت تجارتی تعلقات میں پیشرفت کے فوائد دونوں ممالک کے علاوہ سارک ممالک کو بھی حاصل ہوں گے۔ انہوں نے باہمی تجارت میں حائل بعض رکاوٹیں ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے تجارت نے اس حوالے سے پیش رفت بھی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت حکومتیں آزاد ویزا حکمت عملی سمیت دونوں ممالک میں بینک برانچز قائم کرنے پر بھی متفق ہیں جبکہ بھارت نے پاکستانی سرمایہ کاروں کوسرمایہ کاری کی بھی اجازت دی ہے، بینکاری چینلز کے قیام کے لیے سے دونوں ملکوں کے مرکزی بینکوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور اس ضمن میں جلد ہی پیشرفت سامنے آئے گی۔



بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں حکومتوں کے درمیان کسٹم کے تعاون، معیار، اس کے سرٹیفکیٹ کو تسلیم کرنے اور تجارت تنازعات کو دور کرنے کے 3 معاہدوں پر دستخط ہو ئے جو اہم پیشِ رفت ہیں جن پر عمل درآمد سے تجارت میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، بھارت کے لیے پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واہگہ،اٹاری کے راستے صرف 138 اشیا کی تجارت کی اجازت ہے جبکہ باقی ماندہ اشیا کی ممبئی کے راستے بذریعہ سمندر کراچی ترسیل ہورہی ہے۔ انہوں نے پیغام دیا کہ تعلقات میں بہتری کے لیے دونوں ممالک کو پرعزم رہنا ہوگا اور روڈ میپ پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا جس کے بعد دوطرفہ تعاون کی مزید نئی راہیں ہموار ہوں گی۔

قبل ازیں بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے پاک بھارت باہمی تعلقات میں بہتری اور دو طرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے ہونے والے حکومتی مذاکرات اور ان کے نتیجے میں ہونے والے اعتماد سازی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کی فضا قائم کرنے کے لیے ہائی کمشنر نے پل کا کردار ادا کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں پاک بھارت تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ کراچی چیمبرکے صدر محمد ہارون اگر نے کہا کہ کراچی چیمبر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے دوطرفہ بنیادوں پر سیاسی رضامندی کی حمایت کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ اسی عزم کے ساتھ دونوں جانب تعلقات میں مزید بہتری کیلیے مزید پیش رفت کی جائے گی۔

سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین اورکراچی چیمبر کے سابق صدرمحمد زبیر موتی والا نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں کو توانائی کی اشد ضرورت ہے، راجستھان کے بارڈر پر ایک انڈین کمپنی نے بارٹر طرز پر تھر کوئلے کے بدلے بجلی کی فراہمی کی پیشکش کی ہے، یہ کمپنی سرحد کے پار بجلی پیدا کر رہی ہے اور پاکستان کو 1700 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، تھر کوئلے کے ذخائر بارڈر کے دونوں طرف موجود ہیں اور انڈین انویسٹر اس کی کوالٹی کے بارے میں بخوبی واقف ہیں۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ یورپین یونین کی مارکیٹوں تک رسائی کے لیے پاکستان اور انڈیا کو مشترکہ طور پر اپنا کیس پیش کرنا چاہیے۔ اس موقع پر کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر مجید عزیز ، اے کیو خلیل اور سینئر نائب صدر شمیم احمد فرپو نے بھی خطاب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں