قلت آب کا مسئلہ شدید تر ہنگامی اقدامات کی ضرورت

پانی کی عدم فراہمی کے باعث دور دراز علاقوں سے پانی بھر کر لاتے ہیں


Editorial October 16, 2018
پانی کی عدم فراہمی کے باعث دور دراز علاقوں سے پانی بھر کر لاتے ہیں۔فوٹو:فائل

پانی انسانی زندگی کے لیے حد درجہ اہمیت کا حامل ہے لیکن پاکستان میں گزشتہ کچھ عرصہ سے جاری صاف پانی کا بحران شدید ترین صورت اختیار کرگیا ہے جس کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں خاص کر بڑے شہروں میں قلت آب کا مسئلہ امن و امان کی خرابی کا باعث بنتا جارہا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پانی کی مستقل فراہمی بند ہے جب کہ کئی علاقے ایسے بھی ہیں جہاں مہینوں سے پانی فراہم نہیں کیا گیا۔ اسی وجہ سے شہری سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ پانی کے ستائے شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی روز سے ان کے علاقے میں پانی کی فراہمی بند ہے جس سے شدید مشکلات کا سامنا ہے، گرمی کے موسم میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے ان کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، مکین بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔

پانی کی عدم فراہمی کے باعث دور دراز علاقوں سے پانی بھر کر لاتے ہیں، جب کہ قلت آب کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکر مافیا نے بھی واٹر ٹینکر کے نرخ بڑھا دیے ہیں، ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی ہے، اس صورتحال سے غریب شہری اضافی مالی بوجھ تلے دب رہے ہیں۔ یہ بات سوچنے کی ہے کہ جب شہر میں پانی کی فراہمی مستقل نہیں کی جارہی تو اس ''ٹینکر مافیا'' کو پانی کہاں سے مل رہا ہے؟ کیا پانی کی قلت کی کہانی ٹینکر مافیا کو نفع پہنچانے کے لیے تو نہیں گھڑی جارہی؟ آج کے جدید دور میں جب دنیا چاند کیا مریخ پر پہنچ گئی ہے وہاں پاکستان کے میگا سٹی اور معاشی ہب کا درجہ رکھنے والے شہر کے باسیوں کو زندگی کی بنیادی ضرورت پانی ہی فراہم نہیں کیا جارہا۔

کیا ہم ایسے ہی دیگر ترقی پذیر ممالک کا مقابلہ کرسکیں گے۔ بلاشبہ ملک بھر میں صاف پانی کے ذخائر میں کمی کا سامنا ہے لیکن اس کے پیچھے بھی گزشتہ حکومتوں کی عاقبت نااندیشانہ پالیسیاں کارفرما رہی ہیں، اگر وقت رہتے پانی کے مسئلے کا ادراک کرتے ہوئے وقتی اور طویل المدتی حل تلاش کرلیے جاتے تو آج ملک میں پانی کی کمی کا مسئلہ عفریت کی شکل اختیار نہ کرچکا ہوتا۔ پانی کے ذخائر کے لیے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے لیکن ملک میں ڈیموں کے معاملے کو سیاست کی نذر کردیا گیا۔ خدا خدا کرکے کچھ ڈیمز کی تعمیر پر پیشرفت ہونے جارہی ہے، لیکن اس وقت پانی کی جس قلت کا سامنا ہے اس کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فوری کارروائی کی اشد ضرورت ہے۔

مقبول خبریں