پانی و بجلی کی عدم فراہمی مختلف علاقوں میں شہری سراپا احتجاج

بڑابورڈ، لیاقت آباد، تین ہٹی، بلدیہ ٹائون،اتحاد ٹائون میں مظاہرے،رکاوٹیں کھڑی کرکےشاہراہیں ٹریفک کیلیےبندکردی گئیں.


Staff Reporter June 17, 2013
لیاقت آباد میںبجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف مکینوں نے احتجاجاًآگ لگا کر سڑک ٹریفک کیلیے بند کی ہوئی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر شہری بدستور سراپا احتجاج ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کے احتجاجی مظاہروں سے بھی انتظامیہ کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی اور حتیٰ کہ اتوار کو تعطیل کے باوجود بجلی اور پانی غائب رہے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے کے باعث پانی بھی نہیں آرہا ہے، صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکر مافیا نے بھی نرخ بڑھادیے، حکام صورتحال کا فوری نوٹس لیں، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھی شہریوں نے بڑا بورڈ ، لیاقت آباد ، تین ہٹی ، بلدیہ ٹائون ، اتحاد ٹائون میں مظاہرے کیے ، اس دوران نامعلوم افراد نے ٹائر بھی نذر آتش کیے اور رکاوٹیں کھڑی کرکے شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند کردیں ، پولیس حکام نے مذاکرات کے بعد پر امن طور پر مظاہرین کو منتشر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر شہری بدستور سراپا احتجاج ہیں ، اتوار کو تعطیل کے باوجود بجلی اور پانی غائب ہی رہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، بنیادی ضروریات زندگی فراہم نہ ہونے کے باعث شہریوں نے مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے ، بلدیہ ٹائون ، اتحاد ٹائون اور قائم خانی کالونی میں شہری سڑک پر نکل آئے اور احتجاج کیا ، شہریوں نے بتایا کہ ان کے علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ طے ہی نہیں اور بجلی کی فراہمی کسی بھی وقت بند کردی جاتی ہے ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے کے باعث پانی بھی نہیں آرہا اور وہ دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں، صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکر مافیا نے بھی نرخ بڑھادیے ، احتجاج کے باعث حب ریور روڈ پر ٹریفک معطل ہوگیا تاہم پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کردیا۔



تین ہٹی اور لیاقت آباد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور کے ای ایس سی ، واٹر بورڈ کے خلاف شدید نعرے بازی کی ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی اور پانی نہ ہونے کی وجہ سے ان کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں ، بنیادی ضروریات زندگی دستیاب نہ ہونے کے باعث ان کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ، شہریوں نے واٹر بورڈ اور کے ای ایس سی حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے علاقے میں بجلی اور پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کی جائے ، اس دوران نامعلوم افراد نے سڑک پر ٹائر نذر آتش کیے اور رکاوٹیں کھڑی کردیں جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا ، بعدازاں احتجاج کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو مذاکرات کے بعد پر امن طور پر منتشر کردیا ، علاوہ ازیں پاک کالونی کے علاقے بڑا بورڈ پر بھی شہریوں نے احتجاج کیا اور ہنگامہ آرائی کی ، بعدازاں پولیس نے فوری طور پر مظاہرین کو منتشر کردیا۔

علاوہ ازیں غریب آباد کے علاقے بلوچ ہوٹل پر بھی لیاقت آباد بندھانی کالونی اور اطراف کے رہائشی نکل آئے اور احتجاج کیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں پانی اور بجلی دونوں کی فراہمی بند ہے اور کئی کئی گھنٹے گزرجاتے ہیں لیکن سپلائی بحال نہیں کی جاتی ، مظاہرے کے باعث بلوچ ہوٹل پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی جس کی وجہ سے عیسیٰ نگری اور دوسری جانب لیاقت آباد جانے والی سڑک پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، کیماڑی کے علاقے میں بھی 30 گھنٹے سے مسلسل بجلی کی عدم فراہمی پر شہریوں نے احتجاج کیا اور کے ای ایس سی حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی ، عزیز آباد کے علاقے گلشن شمیم کے رہائشی بھی سڑکوں پر نکل آئے اور پانی و بجلی کی عدم فراہمی پر مظاہرہ کیا ، احتجاج کی وجہ سے گلشن اقبال آنے اور جانے والے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند ہوگئے ، اس کے علاوہ بھی شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے مظاہرے کیے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں