ومبلڈن ٹینس اعصام کو ڈبلز میں پانچویں سیڈنگ مل گئی

ورلڈ نمبرون نووک جوکووک مینز، امریکی اسٹار سرینا ولیمز ویمنزکی ٹاپ سیڈ کھلاڑی قرار.


Sports Desk/AFP June 20, 2013
ورلڈ نمبرون نووک جوکووک مینز، امریکی اسٹار سرینا ولیمز ویمنزکی ٹاپ سیڈ کھلاڑی قرار، وینس کمر میں تکلیف کے سبب ایونٹ سے دستبردار ہو گئیں۔ فوٹو: فائل

لاہور: سیزن کے تیسرے ٹینس گرینڈ سلم ومبلڈن کی سیڈنگ کا اعلان کردیاگیا، چیمپئن شپ کا127واں ایڈیشن 24 جون سے7 جولائی تک کھیلا جائیگا۔

مینز ڈبلز پاکستانی اسٹار اعصام الحق اور ان کے ڈچ پارٹنر جین جولین روزے کو5 سیڈ دی گئی ہے، مینز سنگلز میں رافیل نڈال بھی پانچ سیڈ پانے میں کامیاب ہوئے ،12 گرینڈ سلم ٹرافیز اپنے نام رکھنے والے اسپینش اسٹار نے گذشتہ دنوں پیرس میں ریکارڈ آٹھویں مرتبہ فرنچ اوپن ٹائٹل جیتا تھا، ہموطن ڈیوڈ فیرر چوتھے سیڈ قرار پائے، ورلڈ نمبرون نووک جوکووک، اینڈی مرے اور دفاعی چیمپئن راجرفیڈرر ٹاپ تھری سیڈڈ پلیئرز بنے، فیررگذشتہ برس کوارٹر فائنل تک رسائی میں سرخرو رہے تھے، انھوں نے ہرٹوگین بوش گراس کورٹ ایونٹ جیت کر ومبلڈن کیلیے اپنی تیاریوں کو جانچ بھی لیا۔

ڈراز کے مطابق نڈال کو کوارٹر فائنل تک پہنچنے کے سفر میں 2011 کے چیمپئن جوکووک، 7مرتبہ کے فاتح فیڈرر یا اینڈی مرے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، مرے نے اس حوالے سے کہا کہ اگر کوئی مجھے پیشکش کرے تو میں کوارٹر فائنل رافیل نڈال کے ساتھ کھیلنا پسند کروں گا،اگر میں یہ مرحلہ عبور کرنے میں کامیاب رہا تو پھر سیمی فائنل کچھ زیادہ مشکل ثابت نہیں ہوگا، اگر آپ بڑے ٹورنامنٹس جیتنا چاہتے ہو تو پھر دنیا کے بہترین پلیئرز کو شکست دینی چاہیے،اس میں یہ بات زیادہ اہم نہیں رہتی کہ وہ ڈرا میں کہاں موجود ہیں۔واضح رہے کہ مینز سنگلز سیڈنگ میں نووک جوکووک پہلے، اینڈی مرے دوسرے، راجرفیڈرر تیسرے، ڈیوڈ فیرر چوتھے اور رافیل نڈال پانچویں نمبر پر ہیں، فرانس کے جوئے ولفریڈ سونگا کو چھٹی، ٹوماس بریڈیچ ساتویں، ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کو آٹھویں، رچرڈ گیسکوئٹ نویں اور کروشین پلیئر مارن کلک کو 10ویں سیڈ دی گئی ہے۔



دوسری جانب ویمنز سنگلز میں پانچ مرتبہ کی چیمپئن اور ورلڈ نمبرون سرینا ولیمزٹاپ سیڈ قرار پائیں،آسٹریلین چیمپئن وکٹوریا آذرنیکا اور 2004 کی ومبلڈن فاتح ماریا شراپووا بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں، اگنیسکا ریڈوانسکا 4،اطالوی پلیئر سارا ایرانی5، چین کی لینا 6، جرمن اینجلیک کیربر7، پیٹرا کیوٹوا 8، کیرولین ووزینسکی 9 اور ماریا کریلنکو 10ویں سیڈ ہیں، اطالوی کھلاڑی روبریٹا ونسی 11ویں، اینا ایوانووک 12ویں، نادیا پیٹرووا 13ویں سیڈنگ پانے میں کامیاب رہیں، آسٹریلوی سمانتھا اسٹوسر14، ماریون بارٹولی 15، جیلینا جینکووچ16، سلونی اسٹیفنز 17، ڈومنیکا سبولکووا18، کارلا سواریز نیوارو19 اور بیلجیئم کی کرسٹن فلپکنز20ویں سیڈنگ پانے میں کامیاب رہیں۔

دریں اثنا5مرتبہ کی سابق چیمپئن وینس ولیمز کمر کی تکلیف کے پیش نظر ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئیں، وہ فرنچ اوپن کے پہلے راؤنڈ میں ارسزیلا ریڈوانسکا کیخلاف ناکامی کے وقت انجری کا شکار ہوئی تھیں، 33 سالہ وینس کو سنگلز کے ساتھ ڈبلز مقابلوں میں بھی حصہ لینا تھا، انھوں نے فیصلے سے منتظمین کو آگاہ کردیا ہے،ڈبلز میں وہ اپنی چھوٹی بہن سرینا ولیمز کے ساتھ شرکت کرتی ہیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وینس نے اپنے مداحوں سے کہا کہ اس برس ومبلڈن میں نہ کھیلنا میرے لیے بدقسمتی کی بات ہے، مجھے تکلیف میں بہتری کیلیے کچھ وقت درکار ہے، واشنگٹن میں8 جولائی سے شیڈول میلین ورلڈ ٹیم ٹینس ایونٹ تک فٹ ہونے کی کوشش ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں