کرکٹ کھیلنے سے منع کرنے پر جھگڑا2 نوجوان جاں بحق

14شدید زخمی، نوکوٹ دو گھنٹے میدان جنگ بنا رہا، دکانوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان


Nama Nigar June 22, 2013
مسلح افراد نے قائمخانی محلے میں واقع پریس کلب میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور ویڈیو اور اسٹل کیمرا لوٹ کر لے گئے.

نوکوٹ میں کرکٹ کھیلنے سے منع کرنے پر نوجوانوں میں جھگڑا، 2 افراد جاں بحق 14شدید زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نوکوٹ کے ریسٹ ہائوس گرائونڈ میں ملاح برادری کے شخص نے نوجوانوں کو کرکٹ کھیلنے سے منع کیا ، نوجوان نہ مانے، جس کے بعد معمولی جھگڑا ہوگیا، جس نے شدت اختیار کر لیا، اس دوران دکانوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا جبکہ دو طرفہ فائرنگ سے نوکوٹ شہر دو گھنٹے تک میدان جنگ بنا رہا اور علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ جھگڑے میں بلال، فیضان، محمود، بابر، سلیم کمہار، امداد ملاح، محمود چانڈیو، منظور، لکھانو، محمد حنیف، اکبر، لکھانو منگراڈ اور صحافی شکیل مجاہد کے بھائی منان قائم خانی اور دو صحافی عظیم راجپوت، بابر زمان شدید زخمی ہو گئے۔



جبکہ فیضان قائمخانی، امداد ملاح، میر ملاح، بابر، زمان کو تشویشناک حالت میں حیدرآباد منتقل کیا گیا تاہم میر ملاح اور امداد ملاح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی جاں بحق ہوگئے۔ مسلح افراد نے قائمخانی محلے میں واقع پریس کلب میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور ویڈیو اور اسٹل کیمرا لوٹ کر لے گئے۔ دوسری جانب نوکوٹ میں جاری ہوائی فائرنگ توڑ پھوڑ کی اطلاع ڈی آئی جی میرپورخاص، ایس ایس پی میرپورخاص سمیت دیگر پولیس افسران کو دیے جانے کے باوجودپولیس دو گھنٹے تک پولیس منظر عام سے غائب رہی۔ نوکوٹ تاجر ایسوسی ایشن کے صدر آصف رضا قائم خانی نے قائم خانی محلے میں حملہ کرنے اور پولیس کی جانب سے مسلح افراد کے خلاف کاروائی نہ کرنے پر نوکوٹ میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں