اسپین نے تاھیتی پر دھاوا بول دیا 10 گول کی ریکارڈ فتح

فرنانڈو ٹوریس نے4 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، ڈیوڈ ویلا کی ہیٹ ٹرک، یوروگوئے نے نائیجیریا کو مات دے کر سیمی۔۔۔


AFP/Sports Desk June 22, 2013
ڈیگو فورلان نے100ویں انٹرنیشنل میچ کوفیصلہ کن گول کی بدولت یادگار بنالیا، 34گولزسے یوروگوئے کے ٹاپ اسکورر کا اعزاز بھی سواریز سے چھین لیا۔ فوٹو: فائل

اسپین نے تاھیتی پر دھاوا بول دیا، ورلڈ اور یورو چیمپئن نے گولز کی بارش کرتے ہوئے 0-10 سے فیفا ایونٹس کی ریکارڈ مارجن سے فتح اپنے نام کرلی۔

بین الاقوامی میچز میں 0-13 سے بڑی جیت کا ریکارڈ بھی اسپین کے قبضے میں ہے، فرنانڈو ٹوریس نے4 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، ڈیوڈ ویلا نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا، ڈیوڈ سلوا نے دو مرتبہ اپنا ہنر دکھایا جبکہ ایک گول جوآن ماٹا نے بنایا،یوروگوئے نے نائیجیریا کو 1-2 سے مات دے کر سیمی فائنل میں رسائی کا امکان روشن کرلیا، ڈیگو فورلان نے100ویں انٹرنیشنل میچ کو فیصلہ کن گول کی بدولت یادگار بنالیا، وہ 34 گولز کے ساتھ یوروگوئے کے ٹاپ اسکورر کا اعزاز بھی سواریز سے چھیننے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کنفیڈریشنز کپ میں تاھیتی کی موجودگی نئے ریکارڈز کا سبب بن گئی، نائیجیریا کے بعد ورلڈ اور یورپیئن نمبر ون اسپین نے اوشیانا چیمپئن پر 0-10 سے ہاتھ صاف کرلیا، انٹرنیشنل فیفا ایونٹ میں اس سے قبل کوئی بھی ٹیم 10 گول کے مارجن سے کبھی فتحیاب نہیں ہوئی تھی، اسپین نے بڑی فتح کی بدولت نئی تاریخ رقم کردی، اس سے قبل 1954 کے ورلڈ کپ میں جنوبی کوریا کے مقابل ہنگری کی 0-9 اورایل سلواڈور کیخلاف 1982 ورلڈ کپ میں 1-10 سے فتح کے ساتھ زیری کیخلاف یوگوسلاویہ کی 0-9 سے کامیابی ریکارڈز بک میں شامل تھی، یوگوسلاویہ نے یہ کارنامہ 1974 ورلڈ کپ میں انجام دیا تھا۔

دوسری جانب فیفا رینکنگ میں 138 ویں پوزیشن پر براجمان تاھیتی نے بدترین ناکامی کا منفی ریکارڈ برابر کردیا، اس سے قبل اسے نیوزی لینڈ نے بھی 2004 میں 0-10 سے مات دی تھی، بین الاقوامی میچز میں 0-13 سے بڑی جیت کا ریکارڈ بھی بدستور اسپین کے نام ہے، یہ کارنامہ اس نے 1933 میں بلغاریہ کیخلاف دوستانہ میچ میں انجام دیا تھا۔



گذشتہ روز اسپینش کوچ ونسنٹ ڈیل بوسکیو نے یوروگوئے کیخلاف 1-2 سے فتحیاب ہونے والی اپنی ٹیم کو یکسر تبدیل کردیا، صرف سینٹر بیک سرجیو راموس ہی تاھیتی کیخلاف میچ میں ابتدا سے شامل رہے، کمزور ٹیم نے ابتدامیں اسپین کا عمدگی سے سامنا کیا اور خاصی دیر تک دوسرا گول نہ کرنے دیا لیکن اس کے بعد مزاحمت دم توڑ گئی، پانچویں منٹ میں ٹوریس نے حریف گول کیپر میکائل روش کو چکمہ دیا،انھیں نائیجیریا کیخلاف 6 گول کھانے والے زیویئر سیمن کی جگہ آزمایا گیا تھا لیکن بدترین شکست نے ان کے انتخاب کو بھی غلط ثابت کردکھایا، اگرچہ ابتدائی طور پر انھوں نے ٹوریس اور سانتی کیزورلا کی ککس روک کر شائقین کی داد پائی لیکن یہ مزاحمت زیادہ دیر تک قائم نہیں رہی، وقفے سے 14 منٹ قبل اسپین نے یکے بعد دیگرے تین گول داغ کر مقابلہ 0-4 کردیا،31ویں منٹ میں سیلوا نے بائیں کارنر سے ویلا کے پاس پرگیند کو جال میں دھکیل دیا۔

دو منٹ بعد ہی ٹوریس نے روش کو ڈاج دے کر گیند کو جال میں پہنچایا جبکہ 39 ویں منٹ میں ویلا نے سلوا کے لو کراس پر گول داغ کر ٹیم کی برتری 0-4 کر دی، تاھیتی کی ٹیم نے کھیل کے ابتدائی ہاف میں37 فیصد تک گیند پر قبضہ رکھا، اسپینش کوچ ڈیل بوسکیو نے وقفے کے بعد ایک اور اٹیکنگ پلیئر جیسس نیواس کو میدان میں اتارا، ویلا نے نیکو مونرئیل کے کراس پر ٹیم کی برتری 0-5 بنا دی، ٹوریس نے57ویں منٹ میں ہیٹ ٹرک مکمل کی،64 ویں منٹ میں نیواس کے لانگ پاس پر ویلا نے اپنا تیسرا گول بناکر ٹیم کا اسکور0-7 کردیا، اس کے فوری بعد ماٹا نے اسپین کا آٹھواں گول بنا دیا، ٹوریس کو پنالٹی شوٹ پر بھی گول بنانے کا موقع ملا لیکن ان کی کک پر گیند کراس بار کے اوپر سے باہر چلی گئی۔

انھوں نے اس کا فوری ازالہ کرتے ہوئے انفرادی طور پر چوتھا فیلڈگول کردیا، 89 ویں منٹ میں نیواس نے مانچسٹر سٹی میں اپنے نئے ساتھی سلوا کو ریکارڈ شکن گول بنانے کا موقع فراہم کیا۔ دن کے دوسرے میچ میں یوروگوئے نے نائیجیریا کو 1-2 سے شکست دے کر اسپین کی سیمی فائنل میں رسائی کا معاملہ آخری لیگ میچ تک موخر کر دیا،ڈیگو فورلان نے اپنے سنچری انٹرنیشنل میچ کو فتح گر گول سے یادگار بنالیا،19ویں منٹ میں ڈیگو لوگانو نے یوروگوئے کو برتری دلائی جس کا خاتمہ37 ویں منٹ میں جون اوبی میکل کے جوابی گول سے ہوگیا ، ہاف کے خاتمے پر اسکور 1-1 سے برابر رہا، فیصلہ کن گول فورلان نے کھیل کے51 ویں منٹ میں اسکور کیا، یہ ان کا34 واں انٹرنیشنل گول رہا، اس طرح وہ ساتھی پلیئر لوئس سواریز سے نیشنل اسکورنگ ریکارڈ چھیننے میں کامیاب رہے، سواریز65 میچز میں 33 گول داغ چکے ہیں۔