کھانے پینے کی غیر معیاری اشیا فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

شہری ناقص مشروبات ہرگز استعمال نہ کریں،باسی کھانا نہ کھائیں،فرج میں زیادہ دیرتک رکھی اشیاکھانے سے پرہیزکریں


Staff Reporter June 23, 2013
مون سون کی بارشوں کے دوران شہری لازمی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کا اجلاس سے خطاب۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ موسم گرما کے حوالے سے شہری تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ وہ خود کو مختلف وبائی امراض سے محفوظ رکھ سکیں۔

انھوں نے محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی میونسپل کارپوریشنز اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ ملکر اس بات کو یقینی بنائیں کہ دکاندار اور ہوٹل مالکان جالی لگا کر اشیائے خوردونوش کو گرد و غبار سے محفوظ رکھیں اور ساتھ ہی دکانداروں ، خوانچہ اور ٹھیلے والوں کو تنبیہ کی جائے کہ وہ گرد وغبار سے اٹی اور ملاوٹ شدہ خوردنی اشیا ،گلے سڑے پھل اور ناقص مشروبات فروخت کرنے سے بعض رہیں ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ،وہ اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے، اجلاس میں سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈائریکٹر ریگولیشن اینڈ کوالٹی کنٹرول ، ڈائریکٹر مشین پول نعمان ارشداور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی نے کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ شہری موسم گرما کے حوالے سے تمام تر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور پانی ابال کر استعمال کریں اس موقع پر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا جس کے لیے باقاعدہ آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکے،انھوں نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ناقص مشروبات ہرگز استعمال نہ کریں، باسی کھانا نہ کھائیں، فرج میں زیادہ دیر تک رکھی ہوئی اشیا کھانے سے پرہیز کریں اور کھانے پینے کی اشیا کو مکھیوں اور گردوغبار سے محفوظ رکھیں۔



اجلاس میں بتایا گیا کہ دست، قے، اسہال اور پیٹ کی دیگر بیماریوں کی صورت میں نمکول کا استعمال کریں اگر کوئی شخص اس مرض میں مبتلا ہوجائے تو قریبی اسپتال سے رجوع کریںجبکہ مریض کے کھانے پینے کے رتن اور استعمال کی اشیا، کپڑوں، تولیہ اور چادر وغیرہ کو حفظان صحت کے اصولوں کے تحت اس طرح صاف کریں کہ دوسری اشیاء محفوظ رہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی سید ہاشم رضا زیدی نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کے دوران شہری لازمی احتیاطی تدابیر اختیار کریں انھوں نے محکمہ میونسپل سروسز کو ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران شہر کے تمام علاقوں میں جراثیم کش اسپرے کو جاری رکھا جائے اور اسپرے کے شیڈول پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ برساتی نالوں کی صفائی کا عمل بھی جلد از جلد مکمل کرلیا جائے تاکہ برساتی پانی کی نکاسی بہتر انداز میں ممکن ہوسکے اور شہریوں کو بارشوں میں کم سے کم زحمت کا سامنا ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں