میں نے ٹیکس چوری نہیں کی لیونل میسی

ٹیکس چوری کے الزام پر فٹبالر لیونل میسی کی پوسٹ


June 24, 2013
فوٹو : فائل

مایہ ناز اسپینش فٹ بالر لیونل میسی، جنھیں فٹ بال کی تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے.

ان دنوں ٹیکس چوری کے الزام کی زد میں ہیں۔ اسپین کے پروسیکیوٹر نے اپنے ملک کے اس فٹبال اسٹار کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی ہے، جس میں ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انھوں نے اپنی آمدنی چھپاتے ہوئے ٹیکس کی مد میں آمدنی سے کہیں کم رقم جمع کروائی ہے، اور ان پر 4 ملین یورو کا ٹیکس واجب الادا ہے۔

اگر یہ الزام صحیح ثابت ہوا تو میسی کو چھے سال کی قید ہوگی، یعنی چھے سال تک ان کے پیروں فٹبال کا لمس ہوگا نہ ہاتھوں میں پیسے کی گرمی۔ یہی نہیں، انھیں بہ طور جُرمانہ واجب الادا ٹیکس سے چھے گنا زیادہ رقم بھی ادا کرنا پڑے گی۔ اسپینش فٹبالر نے اپنے فیس بُک پیج پر اپنے اوپر لگنے والے الزام کی تردید کی ہے اور اس پیج پر موجود اپنے چار کروڑ سے زاید پرستاروں سے کہا ہے کہ وہ ان کا ساتھ دیں۔



پروسیکیوٹر نے میسی کے ساتھ ان کے والد جارج کو بھی شریکِ جرم قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ پچیس سالہ میسی کے والد ہی ان کے مالی معاملات کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔میسی نے اپنے فیس بُک پیج پر اسپینش میں پوسٹ کی ہے، جس کا انگریزی ترجمہ بھی دیا گیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں،''ہمیں (میسی اور ان کے والد) کو میڈیا ہی کے ذریعے اس دعوے کا پتا چلا ہے جو اسپینش ٹیکس اتھارٹیز نے دائر کیا ہے۔

ہم ان خبروں پر حیران ہیں، کیوں کہ ہم نے کبھی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔ اپنے متعلقہ مشیروں کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے ہم ہمیشہ ٹیکس سے متعلق اپنی ذمے داری نبھاتے رہے ہیں۔''میسی کی اس پوسٹ کے آنے کے انیس گھنٹے کے اندر ہی اس 55 ہزار لائکس ملے، جب کہ اس پر چھے ہزار پانچ سو کمنٹس آئے اور یہ پوسٹ تین ہزار مرتبہ شیئر کی گئی۔