جیا کو انصاف دو
بھارتی اداکارہ کی خود کشی کے ذمے دار کو سزا دلوانے کے لیے پرستاروں نے ایف بی پیج بنالیے
June 24, 2013
بولی وڈ کی خوب صورت اور نوخیز ہیروئن جیاخان کی خودکشی ہر دل کو ملول کرگئی۔
خاص طور پر تیکھے نقوش والی پچیس سالہ جیا کے پرستار اپنی پسندیدہ کی الم ناک موت کے غم سے نڈھال اور اس سانحے کے ذمے دار کو سزا دلوانے کے لیے خواہش مند ہیں۔ جیا کے کچھ ایسے ہی اپنی محبوب اداکارہ کو انصاف دلوانے کے لیے فیس بُک پر ''جسٹس فار جیاخان'' (Justice for Jiah Khan) کے عنوان سے صفحات بنائے ہیں۔
ان میں سے ایک ایف بی پیج، کو بھارتی اخبار ''ٹائمز آف انڈیا'' کے مطابق، بولی وڈ کے لاتعداد اداکاروں اور صحافیوں کی اعانت حاصل ہے۔
![](https://img.express.pk/media/images/5256/5256.webp)
ان صفحات پر جیا کا خودکشی سے پہلے لکھے ہوئے خط، جیا اور اس کے دوست سورج پنچولی کے درمیان ہونے والی آخری چیٹنگ کے عکس کے علاوہ دل کش مسکراہٹ والی اس کم عمر اداکارہ کے بچپن کی تصاویر بھی شامل ہیں۔
ان صفحات پر لائکس کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، ساتھ ہی لوگ کمنٹس کے ذریعے جیاخان کی موت پر دکھ کا اظہار اور اسے خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ جیا کے پرستار اپنے کمنٹس میں اپنی محبوب اداکارہ کو انصاف دینے اور اس کی خود کشی کے مبینہ طور پر ذمے دار سورج پنچولی کو سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔