کھپرو واٹر سپلائی اوربنیادی صحت مراکز سمیت100صارفین کی بجلی منقطع

38 کروڑ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر حیسکو کی کارروائیاں، مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی بند


Nama Nigar June 25, 2013
واٹر سپلائی اور ڈسپوزل کی بجلی منقطع ہونے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے. فوٹو: فائل

اسسٹنٹ منیجر حیسکو نے 38 کروڑ روپے کے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر2 تعلقوں کے سرکاری اداروں کی بجلی منقطع کردی۔

واٹر سپلائی کی بجلی منقطع کرنے پر شہر میں پانی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ، بنیادی صحت مراکزسمیت 100 مزید بجلی صارفین کے کنکشن منقطع۔ تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکیٹو حیسکو مظفر عباسی کی بقایاجات کی عدم ادائیگی کے خلاف شروع کی گئی خصوصی مہم کے دوران اسسٹنٹ منیجر آپریشن غلام نبی نے لائن سپرنٹنڈنٹ خان محمد ابڑو، شوکت قائم خانی کے ہمراہ تعلقہ سندھڑی کے واٹر سپلائی اسکیم، یونین کونسل آفس، بنیادی صحت مراکز اور تعلقہ کھپرو کے اے ڈی او تعلیم میل، اے ڈی او تعلیم فیمیل، ٹاؤن کمیٹی، ریونیو ڈیپارٹمنٹ، آبپاشی، ڈی ایف او آفس، واٹر سپلائی، ڈسپوزل، سبزی مارکیٹ اور گوشت مارکیٹ سمیت دیگر سرکاری اداروں کی جانب سے 38 کروڑ روپے کے بقایاجات ادا نہ کرنے پر ان کی بجلی منقطع کردی۔



واٹر سپلائی اور ڈسپوزل کی بجلی منقطع ہونے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے جبکہ نالیوں کا پانی روڈ پر جمع ہوگیا ہے اور گٹر ابل گئے ہیں، ذرائع کے مطابق حیسکو کے محکمہ آبپاشی پر5 کروڑ70 لاکھ روپے، ریونیو ڈیپارٹمنٹ پر71لاکھ روپے، محکمہ تعلیم پر 3 کروڑ 25 لاکھ روپے جبکہ ٹاؤن کمیٹی پر ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کے بقایاجات ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔