موٹر سائیکل پر بیک سیٹ والے کیلیے بھی ہیلمٹ پہننے کی پابندی

کراچی جیسے بڑے شہر میں ٹریفک قوانین کی پابندی کرائی جانی انتہائی ضروری ہے۔


Editorial November 30, 2018
کراچی جیسے بڑے شہر میں ٹریفک قوانین کی پابندی کرائی جانی انتہائی ضروری ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور ہائی کورٹ نے یکم دسمبر سے موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھنے والے کے لیے بھی ہیلمٹ لازمی قرار دیدیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ سائیڈ مررز نہ لگانے والوں کے خلاف بھی سخت کریک ڈاؤن کیا جائے، لین لائن، اسٹاپ لائن پر بھی سختی سے پابندی کروائی جائے۔

حکومت پنجاب نے یکم دسمبر سے موٹر بائیک چلانے والوں اور ان کے ساتھ پیچھے بیٹھنے والوں کے لیے ہیلمٹ کی پابندی سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس کے ساتھ ہی پٹرول پمپوں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ جو موٹر بائیک والا بغیر ہیلمٹ پہنے پٹرول ڈلوانے کے لیے آئے تو اسے پٹرول دینے سے انکار کر دیا جائے۔ اس قانون پر پورے صوبے میں عمل درآمد ہو گا۔

دریں اثناء معلوم ہوا ہے کہ ہیلمٹ نہ پہننے والے تین لاکھ چوبیس ہزار افراد کو چالان کے ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات کے نتیجے میں دیکھا جا رہا ہے کہ ہیلمٹ پہننے والے موٹر سائیکلوں والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

اس حوالے سے کئی افراد کی طرف سے یہ اعتراض اٹھایا جا رہا ہے کہ خواتین اور بچوں کو مستثنیٰ قرار دیا جائے تاہم موٹر سائیکل کے حادثہ کی صورت میں خواتین اور بچے بھی سر پر چوٹ لگنے سے مستثنیٰ نہیں ہوتے اس لیے ان کی حفاظت کے لیے انھیں بھی ہیلمٹ والے قانون کی پابندی کرنی چاہیے بلکہ چاروں صوبوں کی حکومت میں بھی ہیلمٹ کی پابندی پر عملدرآمد کرانا چاہیے۔

لائن' لین سسٹم اور اسٹاپ لائن کی پابندی پر بھی سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ خصوصاً کراچی جیسے بڑے شہر میں ٹریفک قوانین کی پابندی کرائی جانی انتہائی ضروری ہے۔ لاہور میں جدید کیمرے نصب ہونے کی بنا پر گاڑیوں اور موٹر سائیکل والے اب ٹریفک قوانین کی پابندی کر رہے ہیں۔ اگر کراچی میں بھی کیمروں کا جال بچھایا جائے تو ٹریفک بھی بہتر ہو گی اور ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں عملی کمی آئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں