شاہین آفریدی نے کم عمری میں ٹیسٹ کیپ سر پر سجا لی

ریاض آفریدی کے بعد ڈیبیوکرکے منفرد9رکنی برادرز کلب کا حصہ بھی بن گئے۔


Sports Reporter December 04, 2018
ریاض آفریدی کے بعد ڈیبیوکرکے منفرد9رکنی برادرز کلب کا حصہ بھی بن گئے۔ فوٹو: فائل

شاہین شاہ آفریدی نے کم عمری میں ٹیسٹ کیپ سر پر سجا لی جب کہ وہ ریاض آفریدی کے بعد ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے منفرد9رکنی برادرز کلب کا حصہ بھی بن گئے۔

کندھے کی انجری کے سبب عدم دستیاب محمد عباس کا خلا پُرکرنے کیلیے پاکستان نے ابوظبی ٹیسٹ میں شاہین شاہ آفریدی کو ڈیبیو کا موقع دیا،پیسر طویل فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کرنے والے 236 ویں کرکٹر بنے، ان کی عمر ابھی 19سال سے کم ہے۔

قومی ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود نے ساتھی کھلاڑیوں کی موجودگی میں سبز کیپ شاہین کے سر پر سجائی،ان کے بھائی ریاض آفریدی بھی ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں،یوں نوجوان پیسر منفرد 9رکنی برادرز کلب کا حصہ بن گئے۔اس سے قبل حنیف محمد، وزیر محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکے۔

منظور الٰہی، ظہور الٰہی اور سلیم الٰہی نے سبز کیپ سر پر سجائی،کامران اکمل، عمراکمل اور عدنان اکمل کو بھی یہ اعزاز حاصل ہوا، وقار حسن اور پرویز سجاد،وسیم راجہ اور رمیز راجہ، معین خان اور ندیم خان،عمران فرحت اور ہمایوں فرحت جبکہ شفقت رانا اور عظمت رانا بھی ملک کیلیے ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکے ہیں، ریاض آفریدی کے بعد گزشتہ روز شاہین آفریدی نے ڈیبیو کرتے ہوئے اس فہرست میں جگہ بنائی۔

شاہین آفریدی نے صرف3فرسٹ کلاس میچزکھیلنے کے بعد ہی ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھ دیے،اس سے قبل یاسر علی ڈومیسٹک کرکٹ کا مزا چکھے بغیر ہی ڈیبیو کرنے میں کامیاب ہوئے تھے،میراں بخش،توصیف احمد اور عامر نذیر ایک ایک، سلیم الٰہی اور احسن رضا2،2اور وسیم اکرم3فرسٹ کلاس میچزکھیل کر ٹیسٹ کرکٹ میں آگئے تھے۔