ایکسپو پاکستان میں سری لنکن تاجر بھرپور شرکت کرینگے

سری لنکن وزیر صنعت و تجارت کا کولمبو میں ایکسپو پاکستان کی تعارفی تقریب سے خطاب


Business Reporter July 02, 2013
اکنامک کمیشن کا اجلاس چند ماہ میں ہوگا، تجارتی رکاوٹیں دور کی جائینگی، پاکستانی ہائی کمشنر فوٹو: فائل

رواں سال ستمبر میں ہونے والی ایکسپو پاکستان نمائش میں سری لنکا کے تاجر بھرپور شرکت کریں گے۔

یہ بات سری لنکا کے وزیر برائے صنعت و تجارت رشاد بتھی الدین نے کولمبو میں ایکسپو پاکستان 2013 کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ قاسم قریشی بھی موجود تھے۔ تقریب کا انعقاد سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمیشن نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے کیا تھا۔ سری لنکا کے وزیر نے کہا کہ سری لنکا کے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ بورڈ کے تحت ایک اعلیٰ سطح کا وفد ایکسپو پاکستان نمائش میں شرکت کرے گا جس سے پاکستان اور سری لنکا کے تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملیگی۔

انہوں نے دونوں ملکوں میں تجارت اور معاشی روابط کی بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سری لنکا کی بزنس کمیونٹی کے لیے ایکسپو پاکستان کے بارے میں بھرپور تعارف پیش کرنے پر پاکستانی ہائی کمیشن کا خیرمقدم کیا ۔



اپنے خطاب میں ہائی کمشنر آف پاکستان میجر جنرل (ریٹائرڈ) قاسم قریشی نے کہا کہ معاشی روابط کی بہتری کے لیے اکنامک ڈپلومیسی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سے ایک ہے، حکومت کی رہنمائی میں بیرون ملک متعین سفارتی عملہ دوست ملکوں کے ساتھ تجارت اور معاشی روابط کی بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کا تجارتی حجم ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مشترکہ اکنامک کمیشن کا اجلاس چند ماہ میں منعقد ہوگا جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے معاشی روابط مضبوط بنانے کے لیے نئے راستے تلاش کیے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی ہائی کمشنر نے ایکسپو پاکستان کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔

تقریب میں سری لنکا کے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ بورڈ کے چیئرمین Bandula Egodage، سری لنکا کے سیلون چیمبر آف کامرس، نیشنل چیمبرز آف انڈسٹریز، فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس، وومن چیمبر آف سری لنکا، پاک سری لنکا بزنس کونسل کے اراکین اور سری لنکا کے معروف کاروباری اداروں اور کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔