پاکستان پھل کی عالمی تجارت میں اہم مقام پاسکتا ہے سوئس سفارتکار

یہاں کے آم، کینو اپنے ذائقے و معیار کے اعتبار سے دنیا بھر کی طرح سوئٹزرلینڈ میں بھی مقبول ہیں


Business Reporter July 02, 2013
مقامی ہوٹل میں مینگو فیسٹول، شرکا کی دلچسپی، سوئس قونصل جنرل ڈیڈائر بوشنگ کا خطاب۔ فوٹو : ایکسپریس/فائل

سوئٹزرلینڈ کے قونصل جنرل ڈیڈائر بوشنگ نے کہا ہے کہ پاکستان پھلوں کی عالمی تجارت میں اہم مقام حاصل کرسکتا ہے کیونکہ پاکستان پھل خاص کر آم اور کینو اپنے ذائقے اور معیار کے اعتبار سے دنیا بھر میں مقبول ہیں۔

گزشتہ روز شہر کے مقامی ہوٹل کی جانب سے منعقدہ مینگو فیسٹول سے خطاب کرتے ہوئے سوئس قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستانی آم دنیا بھر کی طرح سوئٹزرلینڈ میں بھی انتہائی مقبول ہیں، پاکستانی حکام پھلوں کی پروسیسینگ اور ہینڈلنگ کے معیار کو بہتر بنا کر یورپ سمیت دنیا بھر میں پھلوں کی برآمدات میں اضافہ کرسکتے ہیں۔



انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے پھلوں کے برآمد کنندگان کو سوئٹزرلینڈ کی مارکیٹ میں جگہ بنانے کیلیے اس طرح کے مینگو فیسٹول وہاں بھی منعقد کرنے چاہئیں تاکہ سوئس عوام کو پاکستانی آموں سمیت دیگر پھلوں کی جانب راغب کیا جاسکے، مینگو فیسٹول میں چونسہ،سندھڑی، لنگڑا، دسہری، انور رٹول سمیت آموں کی دیگر اقسام رکھی گئیں تھیں جنہیں شرکا نے بے حد پسند کیا۔