کراچی میں تجاوزات قانون کی بالادستی چاہیے

تجاوزات کے خلاف آپریشن کسی بھی سیاسی اثرورسوخ کو خاطر میں لائے بغیرکیا جارہا ہے۔


Editorial December 13, 2018
تجاوزات کے خلاف آپریشن کسی بھی سیاسی اثرورسوخ کو خاطر میں لائے بغیرکیا جارہا ہے۔ فوٹو: فائل

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کراچی تجاوزات کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ ہم نے گھر توڑنے کا حکم نہیں دیا ۔کراچی سمیت ملک بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ملک میں دیگر مسائل کی طرح تجاوزات کا مسئلہ بھی طویل عرصے سے چلا آرہا تھا ۔

عالم یہ تھا کہ ہر بڑے شہر میں تجاوزات کی بھرمار ہوگئی تھی اور ٹریفک جام کا مسئلہ مستقل درد سر بن چکا تھا۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کسی بھی سیاسی اثرورسوخ کو خاطر میں لائے بغیرکیا جارہا ہے ، قبضہ مافیا سے سرکاری پلاٹس بھی وا گزار کرائے گئے ہیں لیکن اس دوران عوامی سطح پر شکایات بھی موصول ہوئیں، بعض جگہوں پر گھر بھی مسمارکیے گئے اور پھر یہ دباؤ عوامی سطح پر اتنا بڑھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے سپریم کورٹ میں تجاوزات کیس کے خلاف نظرثانی کی اپیل دائر کر دی ۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق نظرثانی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ '' قانون پر عمل درآمد ہو رہا ہے ، آپ کو اور وفاقی حکومت کو پریشانی لگ گئی ہے۔

آپ کو اندازہ نہیں میئرکراچی نے اپنا سیاسی مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے، ہمیں ہرحال میں قانون کی بالادستی چاہیے۔ ہم کراچی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں مگر آپ لوگوں کی مصلحت آڑے آرہی ہے۔'' دریں اثناء عدالت نے 6 منزل سے بلند تعمیرات پر پابندی سے متعلق فیصلہ بھی واپس لے لیا۔

آباد کے چیئرمین نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے600 ارب روپے مالیت کی منجمد سرمایہ کاری بحال اور رکے ہوئے تقریبا1000 نئے تعمیراتی منصوبوں پر تعمیراتی سرگرمیاں بحال ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں اور معیشت میں 1500 ارب روپے کی سرمایہ کاری داخل ہوجائے گی ۔

اس فیصلے کے نتیجے میں کنکریٹ ملز، ری رولنگ ملز، ٹائیل انڈسٹری اور شپ بریکنگ انڈسٹری کی سرگرمیاں بھی بحال ہوجائیں گی ، یقینا اس فیصلے سے معیشت مستحکم ہوگی ، یہ ایک مثبت پیش رفت ہے، تجاوزات کے خلاف آپریشن رکنا نہیں چاہیے بلکہ وفاق وسندھ کی حکومتوں اور میئرکراچی کو مل کر ایسا لائحہ عمل بنانا چاہیے کہ کسی بھی کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔

مقبول خبریں