ملکی استحکام و ترقی کی حمایت عسکری ہدف

حکومت مستحکم بنیادوں پر چلتی رہے تو عوامی مسائل کے حل کی راہ خودبخود ہموار ہوجاتی ہے۔


Editorial December 15, 2018
حکومت مستحکم بنیادوں پر چلتی رہے تو عوامی مسائل کے حل کی راہ خودبخود ہموار ہوجاتی ہے۔ فوٹو:فائل

عوام کے بہترین مفاد میں ملکی امن، استحکام اور ترقی کے لیے تمام ریاستی اداروں کی حمایت جاری رکھیں گے، یہ کہنا تھا، پاکستانی فوج کے سپہ سالار قمر جاوید باجوہ کا، جو 216 ویں کورکمانڈرزکانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

یہ بات درست ہے کہ پاکستانی افواج وطن عزیزکی سرحدوں کی نگہبان ومحافظ ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ملکی استحکام کے لیے بھی کوشاں ہے۔ پاکستان خطے کا اہم ترین ملک ہے جو نہ صرف دہشتگردی کی عالمی جنگ میں بطورفرنٹ اسٹیٹ لڑ رہا ہے بلکہ خطے کو امن کا گہوارہ بھی بنانا چاہتا ہے ۔

عسکری قیادت نے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے حوالے سے علاقائی سوچ کی اہمیت کو اجاگرکیا اور افغان جنگ کو پر امن منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام فریقین کی حمایت کی۔ بلاشبہ صورتحال ڈومورکے بجائے اب ساتھ دینے کی درخواست تک آچکی ہے ۔

افغانستان میں امن پاکستان کے استحکام کا باعث بنے گا تمام اسٹیک ہولڈرز سر جوڑ کر بیٹھیں گے تو مسئلے کا پرامن اور دیرپا حل نکل آئے گا۔کورکمانڈرز کانفرنس اس حوالے سے اہمیت کی حامل ہوتی ہے کہ اس میں اعلیٰ عسکری قیادت جیوا سٹرٹیجک صورتحال اور علاقائی سیکیورٹی کا خصوصی طور پر جائزہ لیتی اور ایک لائن آف ایکشن تیارکرتی ہے۔

اس وقت پاکستانی فوج ایل او سی سمیت مشرقی اور مغربی سرحدوں پر بہت سے چیلنجز سے نبرد آزما ہے۔ داخلی استحکام بھی کسی بھی ملک کی ترقی اورخوشحالی کی راہیں متعین کرتا ہے، پاکستانی فوج اور قانون نافذکرنیوالے اداروں نے عوام کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خلاف دلیرانہ جنگ لڑی ہے اور یہ جنگ بہت جلد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ سادہ الفاظ میں یوں کہا جاسکتا ہے کہ معاشی وسماجی ترقی وخوشحالی کے لیے ملک کی سیکیورٹی صورتحال مثبت سمت میں گامزن ہے۔

فوجی قیادت نے ملک کو تمام بیرونی خطرات سے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشتگردی کے فوجی آپریشنزکی کامیابیوں کو استحکام دینے کا عمل جاری رہے گا۔ بلاشبہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

پاک فوج کے سربراہ کی جانب سے ریاستی اداروں کی حمایت کا اعادہ اس بات کا غماز ہے کہ وہ مرِبوط اورمنظم طریقے سے ریاستی امور چلانے ، ملکی ترقی وخوشحالی کی شاہراہ پرگامزن رکھنے کے لیے ہمہ تن مصروف عمل ہیں کیونکہ ان کے دل میں پاکستانی عوام کے لیے محبت اور ہمدردی کے جذبات موجزن ہیں۔ ملکی مسائل کا حل ایک مضبوط اور مستحکم جمہوریت کا مرہون منت ہے، جمہوری عمل چلتا رہے، حکومت مستحکم بنیادوں پر چلتی رہے تو عوامی مسائل کے حل کی راہ خودبخود ہموار ہوجاتی ہے۔

مقبول خبریں