تھرکول منصوبے میں کروڑوں کی کرپشن کا انکشاف نیب سے تحقیقات کا مطالبہ

پروجیکٹ تک مرکزی سڑک کی تعمیرمیںناقص مٹیریل کااستعمال،نئےپل بنانےکےبجائےخستہ حال پرانےپلوں کی جزوی مرمت کر دی گئی.


Nama Nigar July 07, 2013
پروجیکٹ تک مرکزی سڑک کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کا استعمال، نئے پل بنانے کے بجائے خستہ حال پرانے پلوں کی جزوی مرمت کر دی گئی. فوٹو : فائل

تھرکول پروجیکٹ میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف۔ شہریوں نے تھر کو ل پروجیکٹ جانے والی مرکزی سڑک اور نکاسی آب کے پلوں کی تعمیر میں بڑے پیمانے پرکرپشن کی نیب سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے قومی منصوبے تھر کول پروجیکٹ کے ترقیاتی کاموں میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ تھرپارکر کی حد ود ونگو موڑ سے شروع ہونیوالی مرکزی سڑک جوکہ تھرکول پروجیکٹ اسلام کوٹ تک تعمیر ہونی ہے کا ٹھیکہ ایک پرائیویٹ کمپنی این کے بی کے پاس ہے۔ اس سڑک پر نکاسی آب کے لیے تقریباً 8 پرانے پُل بنے ہوئے ہیں، جن سے برساتی پانی گزرکر ڈھورو پران میں جا گرتا ہے۔ گزشتہ برسوں کی تباہ کن بارشوں اور سیلابی ریلوں نے ان پلوں کو ناکارہ بنا دیا اور ان کی حالت انتہائی خستہ ہو گئی ہے۔



تھر کول پروجیکٹ اور حکومت نے مذکورہ ناقص پلوں کی تعمیر نو کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈ جاری کیے اور ٹینڈر بھی ہوئے لیکن مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مذکورہ سڑک بنانے والی کمپنی عوام اور حکومت کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے ان پلوں کی صرف جزوی مرمت کر کے کاغذات میں مبینہ طور پر نئی تعمیر ظاہر کر رہی ہے۔ جب کہ پُلوں کی حالت مرمت کے بعد بھی خستہ ہے اور سیلاب کی صورت میں ان کے گرنے کا خدشہ ہے، جس سے نہ صرف تباہی پھیلے گی، بلکہ تھر کول پروجیکٹ کا یہ میگا منصوبہ بھی پانی میں بہہ جائے گا۔

علاقے کے عوام کا یہ بھی کہنا ہے کہ پلوں کے علاوہ بھی سڑک کی تعمیر میں کرپشن کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے سڑک بنانے والی کمپنی کے حکام سے موقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا، لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ تھرپارکر کے عوام نے اعلیٰ حکام سے سڑک کی تعمیر میں کروڑوں کی کرپشن کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے نیب سے ٹھیکیدار کمپنی کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مقبول خبریں