امریکی کمپنیاں تیل و گیس شعبے میں سرمایہ کاری کی خواہاں

الفا پیٹرولیم سروسز اور رگ میکس کا وفد سرمایہ کاری امکانات کا جائزہ لینے پاکستان پہنچ گیا۔


Business Reporter December 21, 2018
وفد کا پی پی ایل کا دورہ، ایم  ڈی و سی ای او سے ملاقات، باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال۔ فوٹو: فائل

برطانوی فضائی کمپنی کی پاکستان آمد کے بعد امریکی تیل و گیس اور پیٹرولیم کمپنیوں نے بھی پاکستان کا رخ کرلیا ہے۔

امریکی کمپنی الفا پیٹرولیم سروسز اور اس کی ذیلی کمپنی رگ میکس کا وفد پاکستان میں تیل وگیس اور پیٹرولیم کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے پاکستان پہنچ گیا۔ وفد کی قیادت کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ٹرومین رائٹ کررہے ہیں۔

وفد نے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل )کے دفتر کا دورہ کیا۔انھوں نے کمپنی کے ایم ڈی و سی ای او سعید اﷲ شاہ اور سینیئر انتظامیہ سے باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔انھوں نے پاکستان میں اپ اسٹریم دریافتی و پیداواری سرگرمیوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہرکی۔

پی پی ایل کے ایم ڈی نے وفد کو خوش آمدید کہا اور انھیں پاکستان کے دریافتی و پیداواری شعبے کے بارے میں مختصر جائزہ بھی پیش کیا۔ انھوں نے پاکستان میں شیل اور ٹائیٹ گیس؍تیل کی دریافتوں کے وسیع امکانات کا خصوصی تذکرہ کیا۔

انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ دریافتی و پیداواری شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول بہت سازگار ہے اور بلوچستان سمیت سرحدی غیردریافتی علاقے جن میں کم اور گہرے سمندری علاقوں میں امکانات پر روشنی ڈالی۔

انھوں نے مشترکہ کاروباری امکانات والے علاقوں کی شناخت کے لیے دورہ کرنے والی امریکی کمپنیوں کے ماہرین کوپی پی ایل کے ڈیٹا روم کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ مہمانوں کے وفد نے آئندہ ہونے والی بولی کے راؤنڈ میں پی پی ایل کے ساتھ مشترکہ طور پر حصہ لینے میں گہری دل چسپی ظاہر کی۔

مقبول خبریں