انڈونیشیا خطرناک ٹائیگرز کے نرغے میں 4 روز سے پھنسے شکاریوں کو زندہ بچا لیا گیا

پولیس اور فوجی جوانوں سمیت 30 ریسکیو اہلکاروں کی ٹیم ان افراد کی مدد کے لئے جنگل پہنچی۔


AFP July 08, 2013
ریسکیو کئے گئے پانچوں افراد انتہائی ڈرے ہوئے تھے اور کئی دن سے بھوکے رہنے کے باعث ان کی حالت غیر ہو چکی تھی.

انڈونیشیا کے ماؤنٹ لیوزر نیشنل پارک میں 5 شکاریوں کو گھنے جنگل میں خطرناک ٹائیگرز کے جھنڈ میں 4 روز تک گھرے رہنے کے بعد زندہ بچا لیا گیا۔

نیشنل پارک میں تفریح کی غرض سے گئے 6 شکاریوں پر خطرناک سماٹرن ٹائیگرز کے جھنڈ نے اس وقت حملہ کیا جب انہوں نے ایک ننھے شیر کو غلطی سے جال میں آنے کے بعد ہلاک کیا، خطرناک ٹائیگرز کے حملے میں شکاریوں کا ایک ساتھی مارا گیا جب کہ باقی بچے 5 افراد جان بچانے کی غرض سے قریبی درخت پر چڑھ گئے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور فوجی جوانوں سمیت 30 ریسکیو اہلکار ان افراد کی مدد کے لئے جنگل پہنچے لیکن وہاں پہنچنے پر انہوں نے دیکھا کہ خطرناک ٹائیگرز کے جھنڈ نے درخت کو گھیرے میں لے رکھا تھا جس کے باعث وہ ان افراد کی مدد کے لئے آگے نہیں بڑھ پائے۔

ریسکیو اہلکاروں نے ٹائیگرز کو بھگانے کے لئے مقامی جانوروں کے 3 ٹرینرز کو بلوایا جنہوں نے اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے خطرناک ٹائیگرز کو وہاں سے بھگانے میں مدد کی۔ ریسکیو کئے گئے پانچوں افراد انتہائی ڈرے ہوئے تھے اور کئی دن سے بھوکے رہنے کے باعث ان کی حالت غیر ہو چکی تھی، ان کا کہنا تھا کہ وہ اس دوران صرف بارش کا پانی پی کر گزارا کر رہے تھے۔

مقبول خبریں