اختلافات کی چنگاری کوبھڑکنے سے بچانے کی کوشش

چیئرمین بورڈکی کپتان اورکوچ سے ملاقات،ڈریسنگ روم کی باتیں باہرنہ لانے پر زور


Sports Reporter December 29, 2018
ٹیم مینجمنٹ،کپتان اورپلیئرزکی میٹنگ میں دوستانہ ماحول میں تبادلہ خیال ہوا، بورڈ فوٹو: فائل

لاہور: چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی ٹیم میں اختلافات کی چنگاری کو بھڑکنے سے بچانے کی کوشش شروع کردی۔

انھوں نے گزشتہ روز سنچورین میں ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر سے ملاقات کی، ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ سے پہلا ٹیسٹ دیکھنے کیلیے سنچورین میں موجود چیئرمین بورڈ نے اپنے ردعمل میں کہاکہ ڈریسنگ روم میں کبھی تلخی ہو جاتی ہے،ایسی باتوں کومیڈیا میں لانا درست نہیں،انھوں نے مزید کہا کہ گراؤنڈ میں میڈیا نہیں کھلاڑی کھیلتے ہیں، کوچ ہمیشہ کھلاڑیوں سے پرفارمنس کے بارے میں پوچھتا ہے، واضح رہے کہ میڈیا میں خبریں آئی تھیں کہ سنچورین ٹیسٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی پرکوچ مکی آرتھر سینئرز پر بری طرح پھٹ پڑے تھے، انھوں نے قومی کپتان سرفراز احمد سمیت اسد شفیق اور اظہر علی سے نامناسب رویہ اپنایا اور گالیاں دیں، مبینہ طور پر ڈریسنگ روم میں چیزیں اٹھا کر بھی پھینکیں،اس دوران وہ کسی کے قابو میں نہیں آرہے تھے۔

دوسری جانب ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی تلخ کلامی کے معاملے پر پی سی بی نے مٹی ڈال دی، جمعرات کو یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ سنچورین ٹیسٹ میں دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے غیر ذمہ دارانہ اسٹروکس کھیلنے والے سینئرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے تلخ کلامی کی اور ڈریسنگ روم میں سامان بھی پھینکا۔گزشتہ روز پی سی بی کی جانب سے قومی ٹیم کے منیجر طلعت علی کی سربراہی میں کام کرنے والی مینجمنٹ کا بیان میڈیا کو جاری کیا گیا۔

جس میں معاملے پر مٹی ڈالنے کی کوشش کی گئی، پریس ریلیز میں وضاحت کی گئی کہ سنچورین ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت ٹیم مینجمنٹ، کپتان اور کھلاڑیوں کی میٹنگ ہوئی جس میں دوستانہ ماحول میں تبادلہ خیال کیا گیا،اس دوران کوئی خلاف معمول بات نہیں ہوئی،معاملہ بلاوجہ میڈیا میں اچھالا گیا، پاکستان ٹیم کی مینجمنٹ، کپتان اور کھلاڑی متحد اور مثبت نتائج دینے کیلیے پُرعزم ہیں۔