ٹنڈو حیدر شادی میں ہوائی فائرنگ سے دلہن کے بھائی سمیت2افراد جاں بحق

2 شدید زخمی، ایک کی حالت تشویشناک، کراچی منتقل کردیا گیا، دولہا کا والد اور چچا زیرحراست


Nama Nigar July 10, 2013
متوفی پرویز لاکھو کے بڑے بھائی پنھل عرف پنوں اور چچا محبوب لاکھو نے بتایا کہ شادی کی تقریب میں نشے میں دھت باراتی فائرنگ کررہے تھے۔

ٹنڈوحیدر کے نواحی گاؤں میں شادی کی خوشی میں فائرنگ، دلہن کے بھائی سمیت2 افراد ہلاک، 2زخمی ہوگئے۔

نازک حالت میں سول اسپتال منتقل ، ایک شدید زخمی کراچی روانہ، پبن پولیس نے دولہا کے والد اور چچا کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈوحیدر کے نواحی گاؤں حسین خان ٹھوڑو میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے دلہن کا بھائی22 سالہ اظہر علی خاصخیلی اور25 سالہ پرویز لاکھو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔



جبکہ مصری ولد گل محمد اور امتیاز نامی شخص شدید زخمی ہوگئے، جنھیں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ متوفی پرویز لاکھو کے بڑے بھائی پنھل عرف پنوں اور چچا محبوب لاکھو نے بتایا کہ شادی کی تقریب میں نشے میں دھت باراتی فائرنگ کررہے تھے جس کی زد میں میرا بھائی آگیا اور موقع پر ہلاک ہوگیا ہم چاہتے ہیں کہ قاتلوں کو پولیس گرفتار کرکے سزا دے۔ پبن پولیس دولہا علی رضا خاصخیلی کے والد محمد علی خاصخیلی اور چچا محب علی خاصخیلی کو تفتیش کیلیے تھانے لے گئی۔

مقبول خبریں