قانونی کام کرنیوالے منی چینجر ایف آئی اے سے خوفزدہ نہ ہوں وزیرخزانہ

 اسد عمر کی ملک بوستان کی قیادت میں آنیوالے فاریکس ایسو سی ایشن کے وفد سے ملاقات


Business Reporter January 04, 2019
 گورنر اسٹیٹ بینک، ڈی جی ایف آئی اے کو ایکسچینج کمپنیوں کیلیے مکینزم بنانے کی ہدایت فوٹو: فائل

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے تسلیم کیا ہے کہ ایکسچینج کمپنیاں عوام اور ملک کو فارن ایکسچینج فراہم کرنے میں بڑا اہم رول ادا کررہی ہیں جو ایکسچینج کمپنیاں ملک کے لیے قانونی طور پرکام کررہی ہیں انھیں ایف آئی اے سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ہمیں ان کے وقار اور کاروبار کا احساس ہے۔

وزیرخزانہ نے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے بشیرمیمن کو فوری طور پر ہدایات جاری کی کہ وہ کوئی ایسا مکینزم بنائیں تاکہ کسی بھی لائسنس یافتہ ایکسچینج کمپنی کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہارفاریکس ایسو سی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک محمد بوستان نے دیگر ایکسچینج کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا جنھوں نے ان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کیا ہوا ہے۔

گذشتہ اجلاس میں ایشیا پیسفک گروپ نے حکومت پاکستان کو اے ایم ایل کے خلاف جو ہدایات جاری کی ہیں ہمیں چاہیے کہ ان پر پوری طرح عمل کر کے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلوائیں۔ قبل ازیںملک محمدبوستان نے وزیرخزانہ کو بتایا کہ گذشتہ 2 ہفتوں سے ایف آئی اے کی ٹیمیں مختلف ایکسچینج کمپنیوں کی سرپرائز چیکنگ کر رہی ہیں، ہمیں اس پر اعتراض نہیں، لیکن گذشتہ 2 سال میں پولیس اور آرمی کی وردیوں میں ڈاکو کئی وارداتیں کر چکے ہیں جس سے کئی ایکسچینج کمپنیوں کے کروڑوں روپے لٹ چکے ہیں۔

ایسے کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے ہماری درخواست ہے کہ ایف آئی اے کی سرپرائز چیکنگ کے لیے ایک ایسا مکینزم ہونا چاہیے کہ جب بھی ایف آئی اے کی کوئی ٹیم کسی بھی ایکسچینج کمپنی کی چیکنگ کرنا چاہتی ہے تو ان کے ساتھ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کوئی بھی ایک آفیشل لازمی ہونا چاہیے اور اس چیکنگ کی باقاعدہ مکمل ویڈیو بننی چاہیے تاکہ کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہ ہو۔ ہم ویڈیو کیمرہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ملک بوستان نے کہا کہ حکومت نے ہنڈی حوالہ آپریٹرز، غیرقانونی منی چینجرز اور فارن کرنسی اسمگلرز کے خلا ف جو آپریشن شروع کیا ہوا ہے اس کی بھر پور حما یت کرتے ہیں۔اس موقع پر بشیر میمن نے کہا کہ ہم قانونی طور پر فارن ایکسچینج کا بزنس کرنے والی ایکسچینج کمپنیوں کو مکمل طور پر تحفظ فراہم کر یں گے، اور غیرقانونی منی چینجرز، ہنڈی حوالہ آپریٹرز اور کرنسی اسمگل کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔

مقبول خبریں