ڈرون گرانا مذاق نہیں یہ کام ہم نہیں کرسکتے انور بیگ

ایسا کیا تو امریکا سے جنگ ہوگی،کے پی حکومت کی کارکردگی بہترنہیں،فوزیہ قصوری


Monitoring Desk July 12, 2013
ایسا کیا تو امریکا سے جنگ ہوگی،کے پی حکومت کی کارکردگی بہترنہیں،فوزیہ قصوری فوٹو : فائل

مسلم لیگ ن کے رہنما انوربیگ نے کہا ہے کہ پاکستان میںلا اینڈ آرڈر اور انرجی کے مسائل بہت سنگین ہیں ۔

وزیراعظم کے دورہ چین کا مقصد بھی ملک میں معاشی استحکام لانا ہے معاشی استحکام تبھی ہوگا جب انرجی ہوگی ۔ایکسپریس نیوزکے پروگرام کل تک میں میزبان اسد اللہ خان سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ حکومت کی ڈائریکشن درست ہے۔لا اینڈ آرڈر کی بہتر صورتحال کیلیے ہی میاں نوازشریف نے آئی ایس آئی کے دفتر کا دورہ کیا ہے ، اے پی سی بلائی جارہی ہے اگلے پانچ سے چھ ماہ میں حکومت کی واضع طورپر پالیسی سب کے سامنے آجائیگی۔



ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ لیک ہوگئی ہے لیکن جو کچھ سامنے آیاوہ بہت خوفناک ہے،ڈرون گرانا مذاق نہیں ہے ہم یہ نہیں کرسکتے اگر ہم ڈرون گراتے ہیں تو امریکا سے جنگ شروع ہوسکتی ہے، تحریک انصاف کی رہنما فوزیہ قصوری نے کہا کہ پاکستان کے مسائل ہی اتنے زیادہ ہیں کہ معاملات کو مینج کرنا ہی بہت مشکل ہے پورا ملک مسائل میں گھر ا ہوا ہے ۔ اگر کے پی کے میں بھتہ خوری ہورہی ہے تو بہت تشویش کی بات ہے لیکن میں نے پہلی بار سنا ہے کہ پشاور میں بھتہ خوری ہورہی ہے۔

میں ابھی تک کے پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، پیپلزپارٹی کی سابق وزیرعاصمہ ارباب عالمگیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو 5 سال تک شدید تنقید اورنکتہ چینی کا سامنا کرنا پڑا مگر ن لیگ نے کہاکہ ہمارے پاس مسائل کا حل موجود ہے پیپلزپارٹی کے پاس نہیں ہے عوام نے ان کو ووٹ دے دیے لیکن اب تک پاکستان کے عوام سمجھ گئے ہونگے کہ موجودہ حکومت میں ایسی کون سی تبدیلی آئی ہے جو ہمارے دور میں نہیںتھی ۔پی ٹی آئی کی کے پی کے میں حکومت ہے لیکن ان کو یہ پتہ نہیں کہ خیبر پختونخوا میں بھتہ خوری کس حد تک پہنچ چکی ہے۔